کوئٹہ: کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے کہا ہے کہ پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے باہمی اشتراک اورتعاون سے اقدامات اٹھائیں،کوئٹہ بلاک میں پولیو کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے معاشرے کے تمام اکائیوں کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے اور پولیو کے قطروں سے انکاری افراد کو قائل کرنے کیلئے علماء کرام،معتبرین اور مشران کی مدد حاصل کرکے پولیو مہم کو کامیاب بنائیں۔
پولیو کے حوالے سے احساس یونین کونسلوں پر فوری توجہ دیتے ہوئے ٹیموں کی کارکردگی کو بہتر اورکوتاہی برتنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل ٹارسک فورس کے اجلاس پر پولیو کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ کے موقع پر شرکاء سے کیا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) طاہر ظفر عباسی،ڈپٹی کمشنر پشین ا ورنگزیب بادینی،ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ شفقت انور شاہوانی اور انچارج ڈویژنل ٹاسک فورس ڈاکٹر سمیع اللہ کے علاوہ عالمی ادارہ صحت، یونیسف، رویٹری اور دیگر متعلقہ اداروں کے آفسران اور نمائندے بھی موجود تھے۔
کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہاکہ پولیو کے خاتمے کے لئے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں اور یونین کونسل کی سطح پر موثراقدامات کرنے سے تمام بچوں تک حفاظتی قطروں کی باآسانی رسائی ممکن ہوگی۔ٹیموں کی تربیت اور مانٹیرنگ کے نظام کو موثر بنانے کے سلسلے میں خصوصی انتظامات کئے جائیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے کہاکہ سرحدی علاقوں میں بچوں کی نقل وحمل پر نظر رکھتے ہوئے ٹیموں کی موجودگی کو یقینی بنائی جائے تاکہ پولیو کے باآسانی منتقلی کو روکا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ ٹیموں اور متعلقہ اداروں کی حفاظت کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی اشتراک اورتعاون سے سخت انتظامات کررہے ہیں۔جبکہ تمام بچوں تک رسائی حاصل کرنے کے لئے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ دوران مہم قطرے پلانے سے رہ جانے والے بچوں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے انہیں قطرے پلائیں جائیں تاکہ وائرس کا مکمل خاتمہ ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ آنے والی مہم میں ٹیموں کی کارکردگی بہتر بناتے ہوئے تمام حائل رکاوٹوں کاخاتمہ کیا جائے تاکہ تمام بچوں تک حفاظتی قطروں کی رسائی ممکن ہونے کے علاوہ ٹیموں کی نگرانی کے لئے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بناتے ہوئے مہم کو کامیاب بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ حساس یونین کونسلوں میں پولیو کے پھیلنے کا خطرہ ہے ان پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ اپنے علاقوں کو پولیو وائرس سے مکمل پاک کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ ہماری کوششوں سے ہی پولیو کے وائرس کاخاتمہ ممکن ہے اس لئے اپنے مستقبل کے معماروں کے تحفظ کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑ ینگے۔