|

وقتِ اشاعت :   December 9 – 2018

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر سلیم احمد کھوسہ کے زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں 25 دسمبر کو آنے والے عیسائی اقلیتی برادری کے تہوار کی مناسب سے سیکیورٹی صورتحال اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ 

اس موقع پر اجلاس کے شرکاء میں ارکان صوبائی اسمبلی ٹائٹس جانسن اور دانیش کمار، کمشنر کوئٹہ ڈویڑن محمد ہاشم غلزئی، ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) طاہر، مختلف چرچوں سے آئے پادری اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ سلیم احمد کھوسہ نے کہا کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے اقلیتی برادری کی جان و مال اور عزت کی تحفظ ہماری آئینی، قانونی، اخلاقی اور معاشرتی زمہ داری بنتی ہے ۔ مملکت خدائید پاکستان میں اقلیتی برادری کو ہر قسم کی آزادی حاصل ہے اور اس آزادی کو برقرار رکھنے کے لیے صوبائی حکومت اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ 

اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا عیسائیوں کے مذہبی تہوار کے موقع پر عیسائی اقلیتی برادری حضرت عیسٰی علیہ السلام کی یوم ولادت انتہائی جوش و جذبہ سے مناتے ہیں اس لیئے انکے عبادت گاہوں کی سیکورٹی سخت سے سخت رکھی جائے، پاکستان میں تمام اقلیتی مذاہب کو اپنے مذہبی تہوار منانے کی مکمل آزادی دی گئی ہے۔ 

صوبائی وزیر نے کہا کہ نا صرف پاکستان بلکہ صوبہ بلوچستان کو بھی پچھلے ایک دھائی سے بھی زیادہ عرصہ سے سیکیورٹی کے مخدوش صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن آج پاک فوج، دیگر سیکیورٹی اداروں اور پولیس کی انتھک محنت اور قربانیوں کی وجہ سے ملک اور صوبہ بلوچستان میں امن کا قیام ممکن ہو سکا ہے ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلامی تعلیمات امن، محبت، مساوات کا درس دیتے ہوئے مذہبی منافرت اور عدم برداشت کی سختی سے ممانعت کرتی ہیں ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتی برادری کے رکن صوبائی اسمبلی ٹائیٹس جانسن نے کہا عیسائی برادری نے ہمیشہ سے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ جہاں ملک میں دہشت گردی سے ہزاروں گھر اجڑ گئے۔

پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا، ملکی معیشت کو 90 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا وہاں عیسائی مذہب اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے اقلیتی برادریاں بھی متاثر ہوئے لیکن حکومت بلوچستان نے اِنہیں کھبی شدت پسندوں اور دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا ۔

اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویڑن محمد ہاشم غلزئی، ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) طاہر اور دیگر حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 25 دسمبر کو انے والے عیسائی مذہب کے مذہبی تہوار پر عیسائی اقلیتی برادری کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔