|

وقتِ اشاعت :   December 20 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے حلقہ پی بی 26کوئٹہ تھری سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے یونٹ سیکرٹریز ،ڈپٹی سیکرٹریز ،ضلعی کونسلران کاایک اہم مشترکہ اجلاس گزشتہ روز ضمنی الیکشن کے حوالے سے بروری کے پارٹی رابطہ آفس میں منعقد ہوا ۔

اجلاس کی صدارت ضلعی سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی نے کی ،مہمان خاص پارٹی کے مرکزی رہنماء غلام نبی مری تھے ،اجلاس کی کارروائی ضلعی لیبر سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی نے چلائی اس موقع پر پارٹی کے عہدیداروں نے شرکت کی اور ضمنی الیکشن کے حوالے سے سرگرمیوں کا جائزہ لیاگیا اور عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ۔

اجلاس میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور متحدہ اپوزیشن کے اس حلقے سے امیدوار مولانا ولی محمد ترابی کی کامیابی کیلئے دن رات ایک کرکے بھرپور کردار اداکریں ،کیونکہ حکومت میں شامل جماعتوں نے یہاں کے عوامی مسائل ومشکلات کو حل کرنے کیلئے کوئی خاص کردار ادا نہیں کیا ۔

اس سے پہلے عوام کے حقوق کیلئے بلند وبانگ دعوے کئے گئے لیکن آج وہ عوامی مسائل اور مشکلات کو کم کرنے اورحل کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہوچکے ہیں اور عوام کے اعتماد کھوچکے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بی این پی کے کارکنوں نے ہمیشہ اپنے پارٹی کے تنظیمی فیصلوں اور قائدین کے بروقت فیصلوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپنے اتحادی جماعتوں کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے کسی قسم کی کوتاہی اور مصلحت کاشکار نہیں ہوئے تاریخ گواہ ہے کہ ہمیشہ پارٹی کارکنوں نے اپنے سیاسی بصیرت کا عملی ثبوت دیتے ہوئے اپنے اتحادی رہنماؤں کے امیدواروں کو اپنے پارٹی کے امیدواروں سے زیادہ ووٹ دلا کر عملی طورپر ثابت کیاکہ وہ اپنے قائدین کے اصولی فیصلے اور تنظیمی ڈسپلن کے سخت پابند اور نظریاتی کارکن کی حیثیت سے جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے 23دسمبر بروز اتواردن 2بجے کو کارنر جلسہ بروری روڈ پرمنعقد ہوگا جس میں متحدہ اپوزیشن کے قائدین ضمنی الیکشن کے حوالے سے اپنے خیالات کااظہار کرینگے اس کارنر جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف یونٹوں کو ذمہ داریاں سونپی گئی کہ وہ اپنے علاقائی ٹولیوں کی صورت میں وقت مقررہ پر جلسے میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں ۔

اجلاس میں پارٹی کے اس حوالے سے دستبردار ہونے والے امیدوار ملک مصطفی شاہوانی ،ملک محمد حسن مینگل ،سردار محمد ایاز کیازئی ،محمد عارف مینگل ،حاجی محمد گل کیازئی ،محمد نورخان کیازئی ،بسم اللہ سمالانی ،حاجی محمد عارف محمد حسنی ،عبدالحئی کیازئی ،نعمت اللہ ہزارہ ،نادر علی ہزارہ ،لالا عبدالغفار مینگل ،فضل رئیسانی ،نیاز محمد محمد حسنی ،محمد آصف بلوچ ،حیدر لاشاری ،اقبال مینگل ،پیر جان شاہوانی ،سجاد احمد کیازئی ،ساگر بزدار ،راشد علی کیازئی ،نثار احمد شاہوانی سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی ۔

دریں اثناء ضمنی الیکشن کے سلسلے میں کلی بہادر آباد بروری میں بلوچستان نیشنل پارٹی ،جمعیت علماء اسلام اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کے عہدیداروں کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا ۔

جس میں بی این پی کی جانب سے پارٹی کے مرکزی رہنماء غلام نبی مری ،ملک مصطفی شاہوانی ،سردارایاز خان کیازئی ،حاجی محمد عارف محمد حسنی،حیدر لاشاری ،ثناء اللہ کیازئی ،ملک محمد حسن مینگل ،ماما نورخان کیازئی ،راشد علی کیازئی ،بسم اللہ شاہوانی ،عارف مینگل جبکہ جمعیت علماء اسلام کی جانب سے مولوی سلیم اللہ ،نیاز محمد ،شیر احمد ،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے اخترمحمد لونی ،نسیم احمد ،محمد ایاز ،علی جعفرواسع نے شرکت کی ۔اجلاس میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے سرگرمیوں کا جائزہ لیاگیا اور یہ فیصلہ ہوا کہ مشترکہ طورپر پروگراموں کو تربیت دیاجائے گا۔

اس حلقے سے امیدوار مولانا ولی محمد ترابی کی کامیابی کیلئے بھرپور کردار اور عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کے حوالے سے فیصلے کئے گئے ۔

علاوہ ازیں بی این پی کے رہنماؤں نے گزشتہ روز ایک ٹریفک حادثے میں کلی امین آباد بروری یونٹ کے سیکرٹری میر شعیب احمد سرپرہ کے چھوٹے بھائی زین سرپرہ جو زخمی ہوئے تھے ان کے گھر جا کر ان کی عیادت کی اور اللہ تعالیٰ سے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔