اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات نے کہا ہے کہ ارکان اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کا نام ای سی ایل سے نکال دیا ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر وزیراعظم آج اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بات کریں گے جب کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امارات کے ولی عہد شیخ زید آئندہ سال پاکستان کا دورہ کریں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اجلاس میں ای سی ایل میں شامل ناموں کو نکالنے کے حوالے سے دوبارہ غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی ایم کے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کا نام ای سی ایل سے ہٹایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بات کریں گے اور ان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے شیخ زید سے بھی بات ہوئی ہے، یو اے ای کے شیخ زید آئندہ سال جنوری اور محمد بن سلمان فروری میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیر اعظم نے تمام وزارتوں کو کفایت شعاری کی پالیسی کی ہدایت کرتے ہوئے اخراجات میں 10 فیصد کمی لانے کی ہدایت کی ہے جب کہ تمام وزراء کو کم سے کم اخراجات اور بیرون ممالک دورے کرنے کا کہا گیا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے اخراجات میں کمی لانا ضروری ہے کیونکہ قرضے لے کر حکومت نہیں چلا سکتے اس لیے معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے اخراجات کم کریں اور برآمدات بڑھائیں۔
فواد چوہدری کے مطابق وزیراعظم نے ملک بھر کے ایئرپورٹ کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کلچر تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے، پاکستان آنے والے اوورسیزپاکستانیوں کو ایئرپورٹ پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے خصوصاً اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ پر سمندر پارپاکستانیوں اور بیرون ِ ممالک سے آنے والوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کےلیے وزیر ایوی ایشن اور وزارت داخلہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
وزیراطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے سیاحت کے فروغ کے لیے نئی ویزا پالیسی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وزارت خارجہ اور داخلہ نئی ویزا پالیسی مرتب کریں گے جس میں غیر ملکی سیاحوں اور خصوصی طور پر بین الاقوامی میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے لیے ویزا کا عمل آسان بنایا جائے گا۔