|

وقتِ اشاعت :   December 22 – 2018

کوئٹہ : بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن( پجار) اور نیشنل پارٹی کے وفد نے ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی بازیابی کیلئے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا وفد میں شامل بی ایس او (پجار) کے مرکزی وائس چیئرمین ملک زبیر بلوچ مرکزی سیکریٹری اطلاعات عمران بلیدی نیشنل پارٹی کوئٹہ کے صدر حاجی عطا محمد بنگلزئی علی نواز بلوچ ڈاکٹر طارق بلوچ تھے۔ 

وفد نے ڈاکٹر ز کمیونٹی کے دوستوں سے ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی بازیابی کیلئے ہونے والی کوششوں سے آگاہی حاصل کی۔ وفد میں شامل دوستوں نے کہا کہ ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی ابھی تک بازیاب نہ ہونا ایک بڑا المیہ ہے ایوانوں کے حکمران ابھی تک اس مسئلے پر خاموشی اختیار کی ہے۔ حکومت کی طرف سے ابھی تک کوئی مناسب کوشش نہیں کی گئی ہے صرف اور صرف وعدوں کی حد تک دعوے کئے جارہے ہیں لیکن عملی کام ابھی تک نظر نہیں آرہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کمیونٹی ایک معاشرے میں مسیحا کے طور پر جانے جاتے ہیں لیکن اس کمیونٹی کو ہروقت زیر عتاب رکھا گیا ہے اور مختلف ادوار میں تنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے کئی ڈاکٹرز ملک چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں اور بلوچستان کے عوام اچھے اور مخلص ڈاکٹرز سے آج تک محروم ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ کچھ اچھے ڈاکٹرز موجود ہیں لیکن حکمران ان کو تحفظ دینے میں ہروقت ناکام رہے ہیں۔ بلوچستان کے حالات خراب کرنے کی ایک سازش رچائی جارہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ 

وفد نے بولان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ظاہر خان مندوخیل ڈاکٹر محمد گچکی ڈاکٹر خلیل بلوچ اور ڈاکٹر ایکشن کمیٹی کے دوستوں کو بی ایس او پجار اور نیشنل پارٹی کی طرف سے ہرممکن کوشش کی یقین دہانی کرائی اورڈاکٹر ابراہیم خلیل کی بازیابی کے لئے ہر مدد دینے کوتیار ہیں اور ایوانوں کے حکمران جلد از جلد ڈاکٹر ابراہیم خلیل کو بازیاب کرائیں۔