اسلام آباد: اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری وزارتِ پیٹرولیم کو بھیج دی ہے۔
نئے سال کے شروع میں ہی عوام کے لئے اوگرا کی جانب سے خوشخبری ملنے کا امکان ہے، اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری تیار کرلی ہے، جس کے مطابق یکم جنوری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے کمی کی سفارش کی گئی ہے۔
اوگرا کی جانب سے تیارکی جانے والی تجویز منظور ہونے کی صورت میں پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 50 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل میں 2 روپے اور مٹی کا تیل 25 پیسے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کردی گئی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی حتمی منظوری حکومت دے گی جب کہ قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری سے ہوگا۔