کراچی: شہر قائد کے علاقے پرانی سبزی منڈی سکھیا گراؤنڈ میں پولیس نے کارروائی کے دوران سال نو پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔
کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی میں سکھیا گراؤنڈ میں قائم منشیات کے اڈے پر پولیس کے چھاپے کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، پولیس ٹیم کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزمان نے دستی بم سے حملہ کیا اور فرار ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے سکھیا گراؤنڈ کے اطراف کے علاقے کو گھرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا۔
پولیس کو سرچ آپریشن کے دوران جائے وقوع سے 2 دستی بم اور ایک بارود سے بھری موٹر سائیکل ملی، موٹر سائیکل میں ریموٹ کنٹرول ڈیوائس نصب تھی جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے ناکارہ بنادیا جب کہ جائے وقوعے سے 7 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل میں 8 سے 10 کلو بارود موجود تھا، پولیس کے مطابق برآمد کیے جانے والے دونوں بم روسی ساختہ ہیں جب کہ دہشت گردوں نے سال نو کے موقع پر دہشت گردی کا منصوبہ بنایا تھا۔
دوسری جانب بارود سے بھری موٹر سائیکل کے مالک کا پتہ چل گیا، موٹر سائیکل گزشتہ شام ہی پی آئی بی کے علاقے سے چوری ہوئی تھی۔ موٹر سائیکل مالک نے رات 8 بجے پی آئی بی تھانے میں موٹر سائیکل چوری ہونے کی رپورٹ درج کرائی تھی۔
تفتیشی حکام کے مطابق موٹر سائیکل تیار کرنے والے گروہ کا تعلق مفتی شاکر گروپ سےلگتاہے، مفتی شاکر گروپ چوہدری اسلم اور انسپیکٹر شفیق تنولی پر خودکش حملوں میں ملوث تھا، موقع سے ملنے والے شواہد سے اس گروپ کے تانے بانے جیل میں مل رہے ہیں۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ موقع سے 3 دستی بم بھی ملے تھے، جب کہ موٹر سائیکل کے ساتھ ڈیٹونیٹر اور ایک دستی بم بھی لگایا گیا تھا، موٹر سائیکل کے ساتھ بوتل میں آدھا لیٹر پیٹرول ڈال کر ٹنکی کے نیچے لٹکا دی تھی جب کہ موٹر سائیکل کی ٹنکی میں 7 کلو بارود نٹ بولٹ کے ساتھ بھرا ہوا تھا۔