|

وقتِ اشاعت :   January 4 – 2019

کوئٹہ : بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان چوہدری شبیر نے کہا ہے کہ بی اے پی کی حکومت اور پارٹی جام کمال کی قیادت میں نہ صرف متحد ہے بلکہ اپنے اتحادیوں کے تعاون سے بہتر طرز حکومت کے ذریعے صوبے کے حقوق کے حصول اور عوام کو پسماندگی اور غربت کے اندھیروں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی دائمی سمت میں گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ 

انھوں یہ بات سوشل میڈیا پر من گھڑت اور بے بنیاد پرویگنڈا کرنے والے سیاسی یتیموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہی انھوں نے مزید کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی میں باغی گروپ و اختلافات کا بے بنیاد من گھڑت پرویگنڈا کرنیوالے سیاسی بونے بلوچستان عوامی پارٹی کی عوام میں بڑھتی ہوئی مقبولیت اور بلوچستان کے تابناک مستقبل سے خائف ہیں۔

حالیہ ضمنی انتخابات میں بی اے پی اور اسکے اتحادیوں کی شاندار کامیابی عوام میں بی اے پی کی پذرائی اور عوام دوست حکومتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار ہے۔بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت جام کمال کی قیادت میں نہ صرف کامیابی کے ساتھ اپنی مدت پورا اور ترقی یافتہ بلوچستان کی تکمیل کو یقینی بنا ئیگی بلکہ ترقی کے اس تسلسل کو عوام کی طاقت کے ساتھ ائندہ پانچ سال بھی جاری رکھے گی۔

بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت کا خاتمہ دیوانے کا خواب ہے۔بلوچستان عوامی پارٹی کی قیادت بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے وسیع وژن رکھتی ہے۔ اور اپنے ترقی پسندانہ وژن کی تکمیل کے زریعے بلوچستان کے ساتھ ماضی میں ہونے والی معاشی اور سیاسی زیادتیوں کے ازلہ کے ساتھ ساتھ اسکے زمہ داروں کا کڑا احتساب بھی کر ے گی۔

ہم خوشحال پر امن اور ترقی یافتہ بلوچستان کی تکمیل کو یقینی بنائیں گے جہاں امن خوشحالی کے ساتھ صحت۔تعلیم۔اور روزگار سب کے لیے برابری کی بنیاد پر یقینی میسر ہوگا۔