کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا ء اللہ لانگو نے کہا ہے عوام کی جان و مال کی تحفظ اور امن و امان کے قیام کیلئے سیکورٹی فورسز شب و روز اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں جسکی بنا پر کوئٹہ اور صوبہ بھر میں ماضی کے مقابلہ میں آج سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہو پائی ہے ۔ صوبائی وزرات داخلہ کے قلمدان کی ذمہ داریاں قبول کرنے کا مقصد صرف اور صرف عوام کی خدمت اور صوبہ میں امن و امان کا قیام ہے۔
سیکورٹی فورسز کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن کے قیام کیلئے سیکورٹی فورسز نے ہمیشہ اپنی جانوہ کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر داخلہ نے آئی جی آفس کوئٹہ کے دورے کے موقع پر پولیس آفیسران اور اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیرداخلہ کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی دی۔ صوبائی وزیر داخلہ کو آئی جی بلوچستان عبدالرزاق چیمہ نے کوئٹہ اور صوبہ بھر میں سیکورٹی کے صورتحال پربریفنگ بھی دی۔ اس موقع پر آئی جی پولیس سیمت ایس پی سٹی ، ڈی ایس پی سٹی و دیگر پولیس آفیسران موجود تھے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے آئی جی پولیس و دیگر حکام سے گفتگو کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ادارے شہر میں دیر پا امن و امان کے قیام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہوئے دہشت گردوں کا قلع قمع کریں گے۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبہ بھر میں سیکورٹی الرٹ رکھی جائے ۔
اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزیر داخلہ کو پولیس حکام نے مغوی ڈاکٹر خلیل ابراھیم کی بازیابی کے حوالے سے پیش رفت سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ڈاکٹر خلیل ابراھیم کی بحفاظت بازیابی کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لا رہی ہے اور پولیس کافی حد تک معاملہ کی تہہ تک پہنچ چکی ہے۔
دریں اثنا صوبائی وزیر وزیر داخلہ نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا ۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن ریٹائرڈ طاہر عباسی بھی ان کے ہمراہ تھیں اس موقع پر صوبائی وزیر نے کسی بھی قسم کا پروٹوکول نہیں لیا وہ ایک عام سی گاڑی میں شہر بھر میں گھومتے رہے اور مختلف شاہراہوں اور بازاروں میں رُکُ رک کر لوگوں سے بات چیت کرتے رہے۔
کوئٹہ کے شہری، بالخصوص نوجوان صوبائی وزیر صوبائی وزیر کے ساتھ سیلفیاں بھی بناتے رہے، عوام نے صوبائی وزیر کے اس عمل کو خوب سراہتے ہوئے شہر میں امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر جناح روڈ، سبزل روڈ، سرکی روڈ، عبدالستار روڑ، لیاقت بازار، ایئر پورٹ روڈ سمیت دیگر مقامات کا دورہ کرتے ہوئے مختلف مقامات پر رُکتے رہے اور شہریوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کوئٹہ پھر سے آباد اور اسکی رونقیں بحال ہوچکی ہیں ۔
ماضی میں دن ڈھلتے ہی شہر ویران اور اس کی رونقیں ماند پڑ جاتی تھی لیکن آج رات گئے تک سڑکوں اور بازاروں میں لوگ بلا خوف وخطر آزاد گھومتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں، پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز شہر کے ناکوں، چوکیوں، گلیوں اور شاہراہوں میں عوام کی جان اور مال کی حفاظت کے لیئے تعینات ہیں۔ عوام کی بھی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پولیس اور سکیورٹی فورسز پر اعتماد کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی اور انکے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔
دیر پا امن کیلئے فورسز کا ساتھ دینا ہوگا، ضیاء لانگو
وقتِ اشاعت : January 8 – 2019