|

وقتِ اشاعت :   January 10 – 2019

کوئٹہ : بلوچستان میں خشک سالی سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں کرنے والا ادارہ پی ڈی ایم اے خود مشکلات کا شکار ہوگیا۔

صوبے میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کیلئے صوبائی حکومت سے چار ارب روپے مانگ لئے ، تاہم ابھی رقم جاری نہ ہونے کی وجہ سے امدادی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں ، پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق بلوچستان میں خشک سالی کے حوالے سے حکومتی سروے کسی حد مکمل ہوگیا ہے اور تیس اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز کی جانب سے بھیجی گئیں رپورٹس پی ڈی ایم اے کو موصول ہوگئی ہیں ۔

پی ڈی ایم اے ابھی تک صوبے کے 25ہزار خاندانوں تک راشن بھجوا چکا ہے، تاہم اب پی ڈی ایم اے کے پاس مزید فنڈز دستیاب نہیں ہیں، ادارہ مالی مشکلات کا شکار ہے ،ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبے میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کیلئے صوبائی حکومت کو چار ارب روپے کی سمری ارسال کی ہے ۔

مگر محکمہ خزانہ کی جانب سے رقم ریلیز نہیں کی گئی ہے ، جس کی وجہ سے امدادی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، دوسری جانب صوبائی حکومت نے خشک سالی سے متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو امدادی پیکج دینے کیلئے 50کروڑ روپے دے دئیے ہیں ۔