کوئٹہ : بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء سینیٹر کہدہ بابر نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے میں بلوچستان کو اولیت ملنی چاہئے سابق حکومتوں نے صوبے کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کردار ادا نہیں کیا ، موجودہ حکومت سے عوام کی توقعات وابستہ ہیں ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے ۔
آن لائن سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر کہدہ بابر نے کہا کہ گزشتہ روز میرے دیئے گئے بیان کو اصل سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے میری ذاتی رائے کو غلط اور توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو ماضی کی حکومتوں نے کچھ بھی نہیں دیا بلکہ انہیں زبانی کلامی اعلانات پر ٹرخایا جاتا رہا جس کی وجہ سے صوبے کے چھوٹے چھوٹے مسائل بھی بڑھ کر سنگین صورت اختیار کر گئے موجودہ حکومت ان مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے جو خوش آئند ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے بلوچستان کے عوام کی بہت امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں سی پیک کی اہمیت گوادر کی بدولت ہے اس لئے سی پیک منصوبے سے گوادر اور مکران ڈویژن سمیت پورے بلوچستان کو خاطرخواہ استفادے کے مواقع ملنے چاہئیں ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام زبانی کلامی اعلانات سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے مطمئن ہوں گے ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے بلوچستان عوامی پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام کی نمائندگی کررہی ہے ۔
پارٹی میں اختلافات سے متعلق افواہوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سینٹ رکن کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا پارٹی سربراہ میر جام کمال کی قیادت میں بی اے پی متحد ہے اور بی اے پی کی قیادت میں مخلوط صوبائی حکومت بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کررہی ہے ۔
بی اے پی میں اختلافات سے متعلق افوہوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں،کہدہ بابر
وقتِ اشاعت : January 14 – 2019