کوئٹہ: بلوچستان سے سینیٹ کی خالی نشست بلوچستان عوامی پارٹی کے منظور احمد کاکڑ نے جیت لی۔ سینیٹ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے ارکان کی تعداد اب آٹھ ہوگئی ہے۔
بلوچستان سے پشتونخوامیپ کے سینیٹر اعظم موسیٰ خیل کی وفات کے باعث خالی ہونیوالی سینیٹ کی نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل پیر کی صبح 9 بجے شروع ہواجو بغیر کسی وقفے کے 4 بجے تک جاری رہا۔ ضمنی انتخاب کیلئے بلوچستان اسمبلی کی عمارت کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا تھا۔
پریزائیڈنگ آفیسر کے فرائض صوبائی الیکشن کمشنر اسرار خان نے سرانجام دیئے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس کے علاوہ ایف سی اہلکاروں کی بھی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ خصوصی پاس کارڈ کے علاوہ کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔کل 65میں سے 63ارکان نے ووٹ کا حق استعمال کیا۔
پی ٹی آئی کے سردار یار محمد رند اور ن لیگ کے نواب ثناء اللہ زہری ووٹ استعمال کرنے نہیں آئے۔گنتی کے دوران منظور احمد کاکڑ کے حق میں استعمال ہونیوالا ایک ووٹ مسترد قرار دیا گیا۔صوبائی الیکشن کمشنر اسرار خان نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے جنرل سیکریٹری منظور احمد کاکڑ 38ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔
مد مقابل اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار غلام نبی مری کو 23جبکہ پشتونخوامیپ کے محمد حنیف کو صرف ایک ووٹ ملاجو انہیں اسمبلی میں موجود پارٹی کے اکلوتے رکن نصراللہ زیرے نے دیا۔ غلام نبی مری کو جمعیت علماء اسلام اور آزاد امیدوار نواب اسلم رئیسانی کی بھی حمایت حاصل تھی۔
حکومتی جماعت بی اے پی کیامیدوار کومخلوط صوبائی حکومت میں شامل تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، جمہوری وطن پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کی حمایت حاصل تھی۔ توقع سے ایک ووٹ کم ملنے ،ایک ووٹ مسترد ہونے اور پارٹی میں اختلافات پر وزیراعلیٰ جام کمال خان کا کہنا تھا کہ سردا ریار محمد رند صوبے سے باہر تھے۔ایک ووٹ اپنے تھوڑا سا انداز میں مسترد ہوا۔ بی این پی عوامی کے سید احسان شاہ کی اپنی پارٹی سے متعلق کچھ مسائل تھے۔
یاد رہے کہ نومنتخب سینیٹر منظور احمد کاکڑ کا تعلق کوئٹہ کے علاقے ہنہ سے ہے۔وہ پرویز مشرف دور میں مسلم لیگ ق کے پلیٹ فارم سے کوئٹہ کے نائب ناظم بھی رہے۔
2013ء کے عام انتخابات میں کوئٹہ سے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ٹکٹ پر بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور مارچ 2018ء میں نواب ثناء اللہ زہری کی حکومت گرائے جانے کے بعد نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں پارٹی کے مخالف امیدوار کو ووٹ دینے پر پشتونخوامیپ کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے انہیں نا اہل قرار دے دیا تھا۔ بلوچستان عوامی پارٹی بنی تو منظور احمد کاکڑ نے اس میں شمولیت اختیار کی اور اس کے پہلے جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے۔
بلوچستان سے سینٹ کی خالی نشست پرالیکشن، منظور کاکڑکامیاب،بی اے پی کی سینٹ میں ارکان کی تعداد 8ہوگئی
![]()
وقتِ اشاعت : January 14 – 2019