|

وقتِ اشاعت :   January 22 – 2019

تربت :  بی این پی مینگل کے مرکزی کمیٹی کے رکن عبدالحمیدبلوچ ایڈووکیٹ ، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی میرحمل بلوچ، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی میجرجمیل احمددشتی ، ضلعی صدرشے نزیر احمدنے کہاکہ بی این پی کی کمٹمنٹ افراد سے نہیں بلکہ سرزمین اور وطن کے ساتھ ہے ، بلوچ ساحل وسائل وقومی حقوق پرکسی بھی مصلحت پسندی کوسنگین جرم سمجھتے ہیں۔

یہ اخترجان مینگل ہی ہیں جنہوں نے لاپتہ افراد کے دبے ہوئے مسئلہ کو برننگ ایشو بنادیا ، ان خیالات کااظہار انہوں نے کلاتک میں شمولیتی بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شمولیتی اجتماع میں نیشنل پارٹی تحصیل کلاتک کے صدرمحمد حاجی ، تاج بشیر رند، سراج بشیر رند، رحیم جان ،محمد اسلم میرین سمیت مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے بی این پی میں شمولیت کااعلان کیا۔

شمولیت کرنے والے سراج بشیررند نے کہاکہ بی این پی نے قوم کو سیاسی شعور دیا،دیگرنام نہاد پارٹیوں نے بلوچ قوم کو سیاسی شعور سے محروم رکھا ، جب تک عوام اپنے حقوق کیلئے آوازبلندنہیں کریں گے اس وقت تک حقوق حاصل نہیں ہوں گے ، عوام کو اپنے حقوق کیلئے بی این پی کے پلیٹ فارم پرجمع ہونا ہوگا۔

نیشنل پارٹی تحصیل کلاتک کے صدر محمد حاجی نے اپنے عہدیداروں سمیت بی این پی میں شمولیت کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل پارٹی نے قوم پرستی کالبادہ اوڑھ کر بلوچ قوم کے پیٹھ میں خنجر گھونپا ،2013ء کے الیکشن سے قبل ڈاکٹرمالک نے قوم اور ساتھیوں سے سابقہ غلطیوں کی معافی مانگی اورکامیاب ہوکر بلوچستان کے وزیراعلیٰ بن گئے کنبہ پرستی کے حصارمیں محصور ہوکر رہ گئے اوراپنے کنبہ سے باہرانہیں کچھ نظرنہیں آیا۔

تربت سٹی کے تمام ٹھیکے اپنے قریبی رشتہ داروں اورچند ایک قریبی دوستوں کو دیئے ،نوکریاں اورمراعات قریبی رشتے داروں میں بانٹ دئیے ، تمام کلیدی آسامیوں پر اپنے رشتے داروں اور 5کے ٹولے کوبراجمان کیا، بی این پی کے مرکزی کمیٹی کے رکن ،سابق امیدوار صوبائی اسمبلی میرحمل بلوچ نے کہاکہ کلاتک سے تعلق رکھنے والے شخصیات کی مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہوکر بی این پی میں شمولیت سے کلاتک بی این پی کاگڑھ بن چکاہے۔

سیاسی کارکنان کابی این پی کی پالیسیوں پراعتماد خوش آئندہے ہماری سیاست سچائی پرمبنی ہے ،عوام کو ساتھ ملاکر سیاسی منافقین کو آؤٹ کریں گے ، آئندہ بلدیاتی انتخابات میں دیگرنام نہاد سیاسی پارٹیوں کو عبرت ناک شکست سے دوچارکریں گے انہوں نے کہاکہ بی این پی کو گراس روٹ لیول پرمنظم کریں گے ، ہرعلاقے میں یونٹ سازی اورتنظیم سازی کرکے پارٹی کو مضبوط بنائیں گے ،بی این پی بلوچ قوم کی حقیقی سیاسی پارٹی ہے ، بی این پی کومنظم کرکے ظلم وزیادتیوں کا راستہ روک سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت اپنا رویہ درست کرے اور عوامی نمائندوں کے سامنے بندنہ باندھے ،انہوں نے کہاکہ بارڈر ٹریڈ کو لیگل کرنے کی حمایت کرتے ہیں لیکن روزگار کوبند کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ،بی این پی کے مرکزی کمیٹی کے رکن سابق امیدوار صوبائی اسمبلی میجرجمیل احمددشتی نے کہاکہ کلاتک کے باشعور عوام نے ایک باشعور فیصلہ کرکے بی این پی کی شعوری جدوجہد کو مزید تقویت دی ہے ۔

بی این پی کا ایک خواب تھاکہ باشعور عوام پارٹی میں شامل ہوجائیں آج کلاتک کے عوام نے اس خواب کوشرمند تعبیرکردیاہے ، انہوں نے کہاکہ کرپشن نے ہمارے رسم ورواج کو ختم کردیاہے ،چند پیسوں کی خاطر بے ضمیرسوداگروں نے ہمارے ضمیرکا سوداکردیا لیکن آج عوام نے یہ تہیہ کرلیاہے کہ وہ چند پیسوں کی خاطر سوداگروں کی منافقانہ سیاست کاحصہ نہیں بنیں گے، بی این پی کے مرکزی کمیٹی کے رکن عبدالحمیدبلوچ ایڈووکیٹ نے کہاکہ بی این پی ہرمشکل اورسخت وقت میں اپنے کارکنوں کے ساتھ ہے۔

جب بھی کسی ورکر کو کوئی تکلیف پہنچے تو وہ حمید، حمل اورمیجرجمیل کو اپنے درمیان پائیں گے انہوں نے کہاکہ ورکروں کو اہمیت اورمقام دئیے بغیر کوئی بھی سیاسی پارٹی پروان نہیں چڑھ سکتی ، انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کامسئلہ دب کر سردخانہ کی نظرہوچکاتھا مگر سرداراخترجان مینگل نے پارلیمنٹ سمیت ہرفورم پر اسے اجاگر کرکے اس مسئلہ کو سردخانہ سے نکال کر ایک برننگ ایشو بنادیا اور آج برسوں سے لاپتہ افراد بازیاب ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دیگر پارٹیوں کے قائدین اپنی بیگمات کومخصوص نشستوں پر سامنے لاتی ہیں مگر بی این پی نے اس روایت کوتوڑا ہے یہاں پرکارکن ہی اسمبلیوں میں بھیجے جاتے ہیں ۔