|

وقتِ اشاعت :   January 27 – 2019

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی ترجمان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ سی پیک بلوچستان اور پاکستان کے لئیے نہایت اہمیت کا حامل ہے سی پیک کے خلاف دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے ۔

سی پیک پاکستان کی معیشت کے لئیے ایک اہم منصوبہ ہے جو ہر صورت کامیاب ہوگا پاکستان تحریک انصاف ملک دشمن قوتوں کی ہر سازش کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی انشاء اللہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سی پیک کے ثمرات گوادر کے مقامی افراد اور بلوچستان کی عوام کو پہنچائیں گی ۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک لوٹنے والے کسی شخص کو نہیں چھوڑے گی ہر کرپٹ شخص کا احتساب ہوگا ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان و سیکرٹری اطلاعات بابر یوسفزئی نے گزشتہ روز مکران ڈویڑن کے کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کی سابقہ حکومتوں نے صوبے کو بے انتہا نقصان پہنچایا ہے سابقہ حکمرانوں کی کرپشن اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے صوبے میں ہر شعبہ بری طرح متاثر ہے ان کا کہنا تھا کہ وزیر ٹرانسپورٹ عمر جمالی سے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے ۔

ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیئے جلد ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں گے ان کا مزید کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں ہمیں شدید مشکلات کا سامنا ہے لیکن انشاء اللہ بلوچستان کے محکمہ صحت کو دوسرے صوبوں کے لئے مثال بنائیں گے ۔

بلوچستان میں محکمہ صحت میں ہنگامی بنیادوں میں اصلاحات لاکر ایک بہترین محکمہ بنائیں گے ہسپتالوں میں ادویات کی کمی کو دور کریں گے ترقی یافتہ اور خوشحال بلوچستان کے لئے اپنی تمام تر توانیاں بروئے کار لائیں گے۔