کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ترقیافتہ، خوشحال اور تعلیم یافتہ بلوچستان کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے حکومت صوبہ بھر میں یکساں ترقیاتی عمل کومربوط طریقے سے آگے بڑھانے کے لئے کوشاں ہے اور ا اس سلسلے میں کسی علاقے کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا، بلوچستان ہم سب کا ہے اور یہ ہماری آئینی ذمہ داری ہے کہ صوبے سے غربت، پسماندگی اور ناخواندگی کا خاتمہ کرکے بلوچستان کو دیگر صوبوں کے برابر لائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپوزیشن اراکین اسمبلی کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان ایڈووکیٹ کی قیادت میں یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں جاری ترقیاتی عمل، بلدیاتی انتخابات، پی ایس ڈی پی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیافتہ اور خوشحال بلوچستان کا قیام موجودہ حکومت کا وژن ہے جس کی تکمیل کے لئے ہم سب کو اپنا آئینی کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے کسی علاقے کو وسائل کی تقسیم میں نظرانداز نہیں کیا جائے گا، صوبے کے بہتر مفاد میں اپوزیشن سے ہر اہم امور پرباہمی مشاورت کی جائے گی،حکومت وسائل کی منصفانہ تقسیم پر یقین رکھتی ہے اور کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ جلد سے جلد اسمبلی میں کمیٹیوں کی تشکیل کو یقینی بنایا جاسکے جن کی بروقت تشکیل انتہائی اہمیت کی حامل ہے، وزیراعلیٰ نے اپوزیشن اراکین کو یقین دلایا کہ حکومت کمیٹیوں کے جلد از جلد قیام اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کی نامزدگی میں اپنے مقصد اور ذمہ داری کو احسن طریقے سے ادا کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ایس ڈی پی میں کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، تمام علاقوں کو یکساں ترقی کے سفر میں شامل کیا جائے گا، پی ای ڈی پی میں اپوزیشن اراکین کے اضلاع کو خصوصی اہمیت دی جائے گی اپوزیشن حکومت کا حصہ ہے اس کے بغیر ترقی کے اہداف حاصل نہیں کئے جاسکتے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام اراکین اسمبلی اپنے حلقوں سے ووٹ لے کر منتخب ہوئے ہیں ان کے متعلقہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں سمیت مختلف امور پر باہمی مشاورت کے بعد ہی کوئی اقدامات اور فیصلے کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن اراکین اسمبلی میں صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں حکومتی اقدامات اور ان اہداف کی تکمیل میں بھرپور تعاون کرے گی، وفد نے وزیراعلیٰ کو صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنے ہرممکن تعاون کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے وزیراعلیٰ کے شکریہ ادا کیا۔
صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں ترقی دی جائیگی ، وزیراعلیٰ
وقتِ اشاعت : January 30 – 2019