کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی سے بدھ کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں سریاب ، بروری اور ہزار گنجی کے زمینداروں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت حاجی بابا جان شاہوانی کر رہے تھے ۔
وفد بی این پی ( مینگل ) کے صوبائی اسمبلی کے رکن ملک نصیر شاہوانی ، میر سکندر شاہوانی ، حاجی باسط لہڑی ، ملک اقبال شاہوانی ، آغا عبدالقادر شاہ کرانی ، لالا عبدالغفار اور عزیز اللہ شاہوانی پر مشتمل تھا ۔ وفدسے بات چیت کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ قومی پیداوار بڑھانے اور معیشت کو استحکام بخشنے میں زمینداروں کا کلیدی کردار ہے ۔ گزشتہ تین چار عشروں کی مسلسل خشک سالی سے بالخصوص زمیندار کئی مشکلات سے دوچار ہوئے اور زیر زمین پانی کی سطح نیچے گرنے سے ان کے مسائل و مصائب میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔
زمینداروں کو درپیش مشکلات کے حوالے سے گورنر نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ دریں اثناء گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ اند ھیرے اور تاریکی میں علم و شعور کی روشنی بکھیرنے ، نوجوان نسل کے اذہان کو جدید علمی چھان بینی سے منور کرنے میں اہل علم و دانش کے ساتھ ساتھ پبلشرز کا بھی اہم کردار ہے ۔
جدید انسانی ضرورتوں سے ہم آہنگ تحقیقی و تخلیقی کتابوں کے مطالعے سے انسانیت کو زندگی کے صحیح اور سیدھے راستے پر چلنا آسان ہو جا تا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ارتقاء اور ترقی کے سفر میں انسان تو بہت آگے نکل گیا مگر انسانیت پیچھے رہ گئی ۔
ضروری ہے کہ تمام متعدل اور ترقی پسند اہل فکر و قلم آگے آئیں اور معاشرے میں کتاب اور صاحب کتاب کی قدر و منزلت میں اضافے کیلئے بھر پور کردار ادا کریں تاکہ انسان اور انسانیت دونوں ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکیں ۔
ان خیالات کاا ظہار انہوں نے بلوچستان کے مایہ ناز پبلشر اور سیلز اینڈ سروسز کے مالک منصور بخاری سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات کے دوران بلوچستان کی ہر یونیورسٹی میں نصابی اور غیر نصابی کتابوں کی بک شاپ قائم کرنے ، گورنر ہاؤس کوئٹہ وقتاً فوقتاً کتب میلے کا انعقاد یقینی بنانے اور معاشرے میں کتب بینی کے فروغ دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
گورنر نے کہا کہ معاشرے میں منفی رویوں اور غلط فہمیوں کی بجائے محبت و یگانگت کے پرچار کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہم سب مل جل کر ایک خاندان کی طرح اپنے صوبے کو ترقی و خوشحالی کی اور امن استحکام کی جانب لے جائیں۔