|

وقتِ اشاعت :   February 5 – 2019

کوئٹہ: سیکرٹری تعلیم و سکولز محمد طیّب لہڑی نے کہا ہے کہ صوبے میں معیار تعلیم کی بہتری خصوصاً لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ سکولوں میں تفریح اور کھیلوں کے سامان کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ لڑکیوں کی تکنیکی تعلیم کے شعبے میں شمولیت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ گرلز سکولوں میں آٹوکیڈ آفس آٹومیشن سمیت آئی ٹی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صوبے میں تعلیم سمیت باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا کہ قومی امور میں بلوچستان کے خواتین کی شمولیت پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبے میں خواتین کیلیے روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین تعلیم اور تکنیکی مہارت کے حامل شعبوں میں اپنی شمولیت کو یقینی بناتے ہوئے ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے صوبے میں تعلیم کی ترقی کے لئے وزیراعلی جام کمال صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی اور سیکرٹری تعلیم محمد طیب لہڑی کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت صحیح معنوں میں تعلیم کے شعبے پر نیک نیتی اور اخلاص سے کام کر رہی ہے انہوں نے سیکرٹری تعلیم کو اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

سیکرٹری تعلیم نے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار کے صوبے میں خواتین کی بہبود اور تعلیم کی ترقی کے حوالے سے کردار کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی صوبے میں تعلیم کی ترقی اور فروغ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔