|

وقتِ اشاعت :   February 10 – 2019

میر ا دبئی میں دوسرادن تھا کہ مجھے پہلے انٹرویو کی کال آگئی۔ کمپنی کو اکاونٹس مینجر کی ضرورت تھی ۔میں اس وقت میٹرو پر سفر کررہا تھا کہ مجھے کال آئی۔ میں نے پوچھا کہ کمپنی کا آفس کس جگہ ہے ؟ تو مجھے بتا یا گیا کہ آپ کو لوکیشن میپ بھیجتے ہیں۔

میرے موبائل میں انٹرنیٹ نہیں تھااس لئے میں نے اپنے بھائی عزیزاحمد کو کال کی جس کا دفتر البرشا میں تھا۔ اس نے دفترمیں میرا ای میل کھول کر لوکیشن میپ نکالا اور مجھے بتا یا کہ کمپنی دفتر الکوز انڈسٹریل ایریا میں ہے اور میرے دفتر سے تھوڑی دور ہے تو میں آپ کو وہاں چھوڑ آتا ہو ں۔

میں میڑو پر ہی مال آف امیرٹس کے سٹیشن تک پہنچ گیاجہاں سے مجھے میرے بھائی نے اپنی گاڑی پر کمپنی کے دفتر پہنچا دیا۔ انٹرویو کا احوال تو جستجو کے قارئین کے لیئے بعد میں کسی کالم میں بیان کروں گا۔ ابھی آپ کو بتا نا چاہتا ہوں کہ آپ دبئی میں اچھی ملازمت کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟ ۔ دبئی اور وہاں کی رنگینیوں اور درہموں میں تنخواہ کا سن کر ہر بندہ چاہتا ہے کہ جلد سے جلد دبئی پہنچ جائے اور لاکھوں روپے کمانا شروع کر دے۔

لیکن حقیقت میں یہ سب کچھ اتنا آسان نہیں ۔ بہت سے لوگ اسی لالچ میں اپنی تما م جمع پونجی لٹا بیٹھتے ہیں اور ایجنٹس کے ہاتھوں بلیک میل ہوتے رہتے ہیں۔اگر تو آپ نے دفتری ملازمت کے لیئے دبئی جانا ہے تو کبھی بھی پاکستا نی ایجنٹس کے ہتھے نہ چڑھیں۔ ایک ماہ یا تین ما ہ کا وزٹ ویزا لیں اور خود دبئی جا کر نوکری کی تلاش کریں ۔اکثر لوگ یہ کہتے ہیں کہ اگر ہمیں وزٹ پر جاکر بھی نوکری نہ ملی تو پھر کیا کریں گے ۔

آپ ہمیں کوئی ایسا حل بتا ئیں کہ ہمیں پاکستا ن میں ہی ملازمت کا ویزا مل جائے ۔ تو دبئی جیسے ملک کے لیئے یہ ممکن نہیں ہے۔ایجنٹ آپ کو جو بھی کچھ بتائے گا وہ سب جھوٹ ہو گا اور اکثر ایجنٹ تو پاکستانیوں کو وزٹ ویزا دے کر یہ کہہ دیتے ہیں کہ یہ ملازمت کا ویزا ہے اور چار پانچ لاکھ روپے بھی لے لیتے ہیں ۔ جب وہ بند ہ دبئی پہنچتا ہے تو پتہ چلتا ہے کہ یہ تو وزٹ ویزا ہے اور آپ نے ابھی نوکری تلاش کرنی ہے۔ 

جس طر ح پاکستا ن میں ایجنٹس لوگوں کے ساتھ دھوکہ کرتے ہیں بالکل اسی طرح دبئی میں قیام کے دوران بھی مجھے اکثر ایجنٹس کی کالز آتی تھیں کہ آپ ہمیں دوسودرہم یا تین سو درہم دیں اور ہم آپ کی نوکری کروا دیں گے ۔ جب آپ وہ رقم دے دیتے ہیں تو وہ آپ کے ایک یا دو کمپنیوں میں انٹرویو کروا دیتے ہیں جہا ں ان کے اپنے ہی لوگ بیٹھے ہوتے ہیں اور پھر آپ اپنے کال لیٹر کا انتظا ر کرتے رہتے ہیں جو کبھی نہیں آتا۔

دبئی میں تقریباً تمام کمپنیاں براہ راست انٹرویو کے بغیر آپ کو ملازمت نہیں دیتیں۔اگر آپ پاکستان میں بیٹھ کر اپلائی کر ہے ہیں اور آپ کی CVپر پاکستا ن کا نمبر ہے تو وہ کبھی بھی آپ سے رابطہ نہیں کریں گے۔ اگر کوئی کمپنی آپ کو گھر بیٹھے ملازمت کی آفر کررہی ہے تو یاد رکھیں کہ وہ کمپنی جعلی ہے اور جلد یا بدیر وہ آپ سے پیسوں کا مطالبہ کرے گی اور جب آپ پیسے بھیج دیں گے تو اس کے بعد کوئی جواب نہیں آئے گا۔ 

اگر آپ کا ارادہ دبئی میں ملازمت کا ہے تو ہمیشہ وہاں خود جاکر نوکری کی تلاش کریں۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ اپنی فلائٹ سے تقریباً دس سے پندرہ دن پہلے آپ مختلف ملازمتوں پر انٹر نیٹ کے ذریعے اپلائی کرنا شروع کر دیں ۔آپکو اپنی CVپر نمبر بھی دبئی کا دینا چاہیے۔ یہ نمبر آپ اپنے کسی عزیز یا دوست سے حاصل کرسکتے ہیں جو پہلے سے دبئی میں مقیم ہے یا آپ اپنے اس ایجنٹ سے بھی حاصل کر سکتے ہیں جس سے آپ نے اپنا وزٹ ویزا حاصل کیا ہے۔

پہلے سے اپلائی کرنے کا فائدہ یہ ہو گا کہ دبئی پہنچ کر آپ کو کالز آنے کے لئے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔جب بھی آپ اونلائن اپلائی کرتے ہیں تو آپ کی درخواست کی باری عام طور پر دس سے بارہ دن کے بعد آتی ہے ۔ چونکہ لوگ لاکھوں کی تعداد میں اپلائی کررہے ہوتے ہیں اس لئے کمپنی کے لئے آپ کو فوراً رابطہ کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ آپ کو چاہیے کہ دبئی میں جتنی بھی اونلائن جابز کی ویب سائیٹس ہیں ان پر پہلے سے اپلائی کرنا شروع کردیں۔

بہت سے لوگ یہ بھی چاہتے ہیں کہ وہ دبئی جاکر اپنی CVکے بہت سے پرنٹ لے کر تما م دفتروں میں جاکر تقسیم کریں تو یہ بھی ممکن نہیں ہے چونکہ بہت سی کمپنیوں میں سیکیورٹی والے آپ کو آگے نہیں جانے دیتے اور بہت سی بلڈنگز ایسی ہیں جن میں آپ اندر داخل ہی نہیں ہو سکتے یا ان کی لفٹ بھی استعمال نہیں کر سکتے ۔ اس لیے بہتر حل یہی ہے کہ آپ اونلائین اپلائی کریں۔ وہاں پر آپ جمعہ کے دن کا اخبار بھی لے سکتے ہیں ۔ 

اس میں بھی بہت سے اشتہا ر ہوتے ہیں ان کو بھی آپ صبح فجر کی نماز کے وقت اپنی CVای میل کر دیں تو بھی آپ کے ملازمت حاصل کرنے کے چانسز بڑھ جاتے ہیں۔اگر آپ میڑو ٹرین پر سفر کرتے ہیں تو وہاں کے میٹرو سٹیشنز پر بھی ہر اتوار کو ایک فری میگزین پڑا ہوتا ہے جس پر کافی زیادہ ملازمت کے اشتہار ہوتے ہیں۔آپ ان پر بھی اپلائی کر سکتے ہیں۔ 

اس کے علاوہ آپ کے جتنے بھی عزیز یا رشتہ دار اور دوست دبئی کی کسی بھی ریاست میں ملازمت کر رہے ہیں آپ ان کے دفاتر کے ای میل ایڈریس لے کر ان کو بھی اپنی CVای میل کر سکتے ہیں ۔اس کے علاوہ دبئی میں بہت سے جوب فیئر بھی لگتے رہتے ہیں جہا ں پر بہت سی کمپنیاں اپنے سٹا ل لگاتی ہیں اور آپ کو وہاں سے بھی خالی آسامیوں کی معلومات مل سکتی ہیں۔

اگر آپ کا رزق دبئی میں لکھا ہوا ہے تو آپ کو ضرور اچھی جوب مل جائے گی ۔ وسیلہ رزق کی تلاش اور اللہ سے دعا کریں تو آپ دبئی میں جوب حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہو جائیں گے۔