|

وقتِ اشاعت :   2 hours پہلے

حب : پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما، ترجمان صدر آصف علی زرداری اور سینئر نائب صدر پی پی پی بلوچستان میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریاتی، جمہوری اور عوامی جماعت ہے، جس کی بنیاد عوامی خدمت، قربانی اور اصولی سیاست پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی اصل قوت اس کے مخلص، نظریاتی اور وفادار کارکن ہیں، جنہوں نے ہر دور میں پارٹی کا پرچم بلند رکھا۔ پارٹی قیادت نے ہمیشہ کارکنوں کو عزت دی ہے اور کسی بھی مشکل گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا۔ کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پارٹی کو مزید منظم، فعال اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

 

تنظیمی ڈھانچے کومزید مضبوط کیا جائے گا اور صوبے کے ہر ڈویژن، ضلع، تحصیل، شہر اور وارڈ کی سطح پر پارٹی کو فعال بنایا جائے گا تاکہ عوامی مسائل کو مقامی سطح پر مو ¿ثر انداز میں حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو گراس روٹ لیول تک مضبوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ پارٹی نے انہیں جو ذمہ داری سونپی ہے وہ اس پر پورا اترنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور بلوچستان میں پارٹی کو مزید مستحکم اور مو ¿ثر بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کارکنوں کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی، ان کی حوصلہ افزائی اور ان کی عزت نفس کا خیال رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے کیونکہ یہی کارکن پارٹی کا قیمتی سرمایہ اور حقیقی طاقت ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی مدبرانہ، دور اندیش اور مفاہمتی قیادت اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی متحرک، وڑنری اور عوام دوست رہنمائی میں پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر میں ایک مضبوط اور فعال سیاسی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔ جبکہ آصفہ بھٹو زرداری کی صورت میں نوجوان قیادت نہ صرف پارٹی کے لیے بلکہ ملک کے روشن مستقبل، خوشحالی اور ترقی کے لیے ایک مثبت اور امید افزا پیغام ہے۔ میر علی حسن زہری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انہوں نے کبھی بھی عہدوں، مراعات یا ذاتی مفادات کی سیاست نہیں کی بلکہ ہمیشہ عوام کے حقوق، فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے جدوجہد کی ہے اور یہ مشن آئندہ بھی اسی جذبے، خلوص اور عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کو عبادت سمجھ کر عوام کی خدمت کرنا ہی ان کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع حب میں پارٹی ایک مضبوط اور منظم قوت کے طور پر موجود ہے اور گزشتہ انتخابات میں کارکنوں نے اپنی محنت، لگن اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کیا کہ حب پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک مضبوط گڑھ ہے۔

 

میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام کی امیدیں پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ ہیں کیونکہ یہ جماعت ہمیشہ محروم طبقات، غریب عوام اور متوسط طبقے کی آواز بنی ہے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ پارٹی قیادت بلوچستان کی محرومیوں کے ازالے، ترقیاتی عمل کو تیز کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور صاف پانی کی فراہمی جیسے بنیادی شعبوں میں بہتری لانا پارٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں حب کو نظر انداز کرنے والے عناصر آج بھی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر اب ایسا ممکن نہیں کیونکہ حب کے عوام باشعور، متحد اور اپنے حقوق کے لیے بیدار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے اعتماد کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور حب سمیت پورے بلوچستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *