|

وقتِ اشاعت :   February 11 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی خواتین سیکرٹری و رکن صوبائی اسمبلی زینت شاہوانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بولان میڈیکل کالج تھرڈ ائیر کے طالب علم ڈاکٹر یوسف پرکانی کی ناگہانی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات بی ایم سی انتظامیہ کی غفلت کے باعث بار بار پیش آتے ہیں مگر حکومت کی جانب سے اس کی روک تھام کیلئے اقدامات نہیں کئے جاتے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام تعلیمی اداروں میں اس طرح کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں جس کی وجہ سے طالب علم تعلیم حاصل کرنے کے بجائے خود کشی کرنے پر مجبور ہیں اگر حکومت نے اس کی روک تھام نہیں کی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں طلباء کی خود کشیوں کے واقعات پر تشویش کا اظہارکہا کہ تعلیمی اداروں میں کتابوں کے ساتھ شخصیت سازی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ایسی کیا وجوہات ہیں پڑھے لکھے طلباء مایوسی و تناؤ کا شکار ہوکر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ خود کشی کا عمل نہایت غیر ذمہ دارانہ اور جذبات پر مبنی ہے اور اس کی روک تھام کیلئے تعلیمی اداروں میں اعصابی مضبوطی کے حوالے سے بھی کام ہونا چاہیے، اساتذہ طلباء کے ساتھ نرم و دوستانہ رویہ قائم کرکے اس مسئلے کو کافی حد تک قابو کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس حوالے سے تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے اپنے اداروں میں دوستانہ ماحول اور طلباء کی کونسلنگ کو ہر ممکن یقینی بنائیں۔