|

وقتِ اشاعت :   February 13 – 2019

بارکھان: صوبائی وزیر خوراک وبہبود آبادی سردارعبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صوبہ بھرمیں بلا تفریق ترقیاتی منصوبے شروع کررہی ہے،ضلع بارکھان کیلئے بہت جلد ایک خصوصی ترقیاتی پیکیج جاری کیا جائے گا ۔

سرکاری آفیسران اپنی جائے تعیناتی پر موجودگی کویقینی بنائیں اور اپنے محکمہ کو فعال کرنے کی بھر پور کوشش کریں ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، تعلیم و صحت سمیت کسی بھی شعبے میں کوتاہی ناقابل برداشت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر بارکھان کے دفتر میں منعقدہ ضلعی افسران کے اجلاس سے خطاب کے موقع پر کیا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سہیل انور ہاشمی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید عثمان شاہ ،سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی عبدالسلام شاہ،میجر طاہر شاہ،میر ایوب کھیتران اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرو انفارمیشن آفیسر امیر جان لونی تمام محکموں کے ضلعی آفیسران سمیت مقامی صحافیوں نے بھی شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ 6کروڑ روپے کی لاگت سے صوبہ میں محکمہ خوراک کے گوداموں کی مرمت کی جائیگی ۔خراب شدہ گندم حکام بالا کی اجازت سے مالداروں میں رعایتی قیمت پر تقسیم کی جائے گی ،محکمہ تعلیم میں موجود 9 ہزار آسامیوں سمیت تمام دیگر محکموں میں خالی آسامیوں پر جلد بھرتی عمل میں لائی جائے گی،دوردراز علاقوں میں اساتذہ اور ڈاکٹروں میں ڈبل تنخواہ اور دیگر مراعات دی جائے گی ۔

رکنی شہر کو تحصیل بنا یا جائے گا جہاں پر محکمہ تعلیم کے بڑے ادارے اور ایجوکیشن سٹی کے طور پر اسے نمایاں کیا جائے گا جس سے موسیٰ خیل ،لورالائی ،دکی اور دیگر علاقوں کے طلباء و طالبات بھی تعلیم حاصل کر سکیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بارکھان کے چار مڈل اسکولوں کو اپ گریڈ ،گرلز کالج میں خواتین اساتذہ کی تعیناتی ،ڈسٹرکٹ ہیڈ کورٹر ہسپتال کو مشینری وادویات اور فنڈ زکی فراہمی ،پبلک لائبریری بارکھان کیلئے کتابیں اورضلع میں زیر تعمیر تمام سڑکوں کو مکمل کیا جائے گا ۔

اس موقع پر ضلعی آفیسران نے اپنے محکموں کی طرف سے بریفنگ دی ،عوامی فلاح وبہبود کیلئے کئے گئے اقدامات اور درپیش مسائل کے حوالے سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا،صوبائی وزیر نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر تربیت 40بچے اور بچیوں کیلئے ایک ایک سلائی مشین فراہم کرنے اور اس پروگرام کو ہر یونین کونسل کی سطح پر شروع کرنے کا اعلان کیا۔

صوبائی وزیر نے تمام ضلعی آفیسران کو اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور عوامی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔بعد ازیں صوبائی وزیر خوراک وبہبود آبادی سردار عبدالرحمن کھیتران نے یونین کونسل صدر بارکھان کی مختلف بستیوں کا دورہ کیا ۔

ان کے ہمراہ ان کے صاجزادے سلام شاہ،ا یکسیئن اریگیشن طاہر شاہ،ایکسیئن پی ایچ ای عبدالجبار ،ایکسیئن ایریگیشن امیر محمد ،میر ایوب کھیتران ،عبدالغفور جان ،وڈیرہ شاہ باز خان کھیتران ،اوردیگر سرکاری آفیسران و قبائلی عمائدین بھی موجو دتھے۔

صوبائی وزیر خوراک نے بستی لہمہ زرین میں 1کروڑ کی لاگت سے ڈیم ،بستی وڈیرہ کالوداہم کے لیے ویٹرنری ہسپتال ،مین روڈ سے گاؤں تک پختہ سڑک ،بستی لنڈہ میں مڈل سکول ،بودرہ سے ستارڈوم پختہ سڑک ،بابو لہمہ بستی زرین کے لیے حفاظتی دیوار ، ایک عدد پل اور صحت کے مرکز کا اعلان بھی کیا ۔