کوئٹہ: کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے چیف ایگزیکٹوآفیسرانجینئرعطا اللہ بھٹہ نے کہاہے کہ وفاقی وزیر برائے توانائی کی خصوصی ہدایات پر کیسکو نے بارش اور برف باری سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کردیاہے ۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے کیسکوہیڈکوارٹرمیں ایک ہنگامی اجلاس کے دوران کیا ۔اجلاس میں چیف انجینئر (ٹی اینڈجی) عبدالرسدخان کاکڑ، چیف انجینئر (آپریشن ڈائریکٹر) سعداللہ خان کاکڑ،سپرنٹنڈنگ انجینئر(جی ایس او)سرکل میرمجیب الرحمن مری اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کنسٹرکشن انجینئر ولی اچکزئی کے علاوہ دیگرمتعلقہ افسران بھی موجودتھے۔
اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئرعطاء اللہ بھٹہ نے کہاکہ بارش اوربرف باری سے متاثرہ علاقوں میں ہسپتالوں،واٹر سپلائی اسکیمز، سرکاری دفاتراوردیگرصارفین کو ترجیحی بنیادوں پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کی پریشانیوں کوکم کیاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ جن علاقوں میں بارش اوربرف باری کی وجہ سے جو کھمبے گرے ہوئے ہیں ان کی فوری مرمت کرکے بجلی بحال کردی جائے۔
اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسرکوبتایاگیاکہ اس وقت پشین ،زیارت اور دیگرمتاثرہ کچھ علاقوں میں 11KVکے کھمبے گرے ہوئے ہیں تاہم برف کی موجودگی اور زمینی راستہ منقطع ہونے کی وجہ سے تاحال بجلی کی فراہمی دشواری کاسامناہے۔لہٰذامتاثرہ علاقوں میں زمینی رابطہ بحال ہوتے ہی مذکورہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر گرے ہوئے کھمبوں کوتبدیل کرکے بجلی فراہم کردی جائے گی۔
علاوہ ازیں کوئٹہ شہرمیں موسم کی خرابی کے باوجودرات گئے تک کیسکوکی ٹیمیں بجلی کی فراہمی میں مصروف عمل رہیں اور زیادہ ترعلاقوں کی بجلی بحال کردی گئی البتہ پشتون آبادفیڈرپررات گئے تک ٹیمیں فنی خرابی دورکرنے کی کوششیں کرتی رہیں اور سرکی روڈعیسیٰ خان اسٹریٹ میں فنی خرابی کی نشاندہی کے بعد فنی خرابی دورکرکے اب بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔
چیف ایگزیکٹوآفیسرنے تمام افسران اوراہلکاروں کوہدایت کی کہ وہ عوامی مشکلات کوکم کرنے کیلئے صارفین کو ان کے شیڈول کے مطابق بجلی کی بلاتعطل فراہمی کویقینی بنائیں اورمتاثرہ علاقوں میں پانی کی موجودگی کی وجہ سے کام کے دوران حفاظتی تدابیر کوبھی خاص طورپرمدنظررکھاجائے تاکہ ناگہانی حادثات سے بچاجاسکے۔کیسکونے بارش اوربرف باری کے دوران کچھ علاقوں میں بجلی معطل ہونے پر صارفین سے معذرت کی ہے۔
بارش متاثرہ علاقوں میں بجلی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا ہے، کیسکو چیف
وقتِ اشاعت : March 4 – 2019