|

وقتِ اشاعت :   March 5 – 2019

کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں حالیہ بارشوں سے ایک جانب صوبے میں طویل خشک سالی کے منفی اثرات زائل ہوں گے جو خوش آئند ہے تاہم دوسری جانب یہ بھی ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں ، برفباری اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے جانی و مالی نقصانات بھی ہوئے ۔ 

انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور افراد کی فوری امداد اور بحالی کیلئے صوبائی حکومت نے بروقت اقدامات کئے ہیں جس سے بڑے پیمانے پر ممکنہ نقصانات سے لوگوں کو بچایا جاسکا ۔ 

گورنر بلوچستان نے امداد ی سرگرمیوں میں پاک فوج کی فعال کارکردگی اور ڈویژنل اور ضلعی حکام کی خدمات کوبھی سراہا ۔ انہوں نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بروقت امداد کی ترسیل پر پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے کردار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ قدرتی آفات پر قابو پانے ، نقصانات کے ازالے اور متاثرین کی اطمینان بخش امداد کیلئے جامع لائحہ عمل کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے ۔