|

وقتِ اشاعت :   March 6 – 2019

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے صوبائی حکومت کسی بھی حلقے میں سیاسی مداخلت پر یقین نہیں رکھتی، حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے کے تمام حلقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام ہوں اور عوام تک ان کے ثمرات پہنچیں، حکومت اور اپوزیشن کے اراکین یکساں اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ انہیں عوام نے منتخب کرکے اپنی نمائندگی کا حق دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپوزیشن کے اراکین صوبائی اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز یہاں ان سے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں ملک نصیرشاہوانی، میر زابد ریکی، میر یونس زہری، مولاناعبدالواحد صدیقی، میراحمد نواز بنگلزئی، اخترحسین لانگو، اصغر ترین شامل تھے جبکہ صوبائی وزراء زمرک خان اچکزئی اور عبدالخالق ہزارہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔


اپوزیشن اراکین نے وزیراعلیٰ کو اپنے اپنےْ حلقوں کے مسائل خاص طور سے حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی مشکلات سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تمام علاقوں کو نمائندگی حاصل ہے۔

ہماری کوشش ہے کہ ہر محکمے میں غیرجانبدار افسر تعینات کئے جائیں جو کسی سیاسی وابستگی کے بغیر اپنے فرائض سرانجام دیں، انہوں نے کہا کہ برفباری اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں اور جہاں بھی کمی بیشی ہوئی اسے پورا کیا جائیگا۔