کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر اور ضلع نوشکی کے سابق ضلعی صدر و سیاسی رہنماء میر خورشید احمد جمالدینی نے اپنے ایک بیان میں حالیہ بارشوں کے نتیجہ میں نوشکی اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں غریب لوگوں کے کچے مکانات کے منہدم ہونے اور دیگر نقصانات پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارش اللہ تعالیٰ کی جانب سے رحمت ہے لیکن حکمرانوں اورانتظامیہ کے جانب سے بروقت کوئی ریلیف مہیاء نا کرنے کے نتیجہ میں عوام مسائل اور عذاب میں مبتلا ہے ۔
حکمران بروقت ان نقصانات کو ازالہ کرتے اور بارش کی تباہ کاریوں سے پہلے پالیسی اور صحیح مینجمنٹ کا انتظام کرتے تو اج لوگوں کی یہ حالت نہ ہوتی کہ وہ آج بھی کھلے آسمان تلے بے یار ومددگار زندگی گزارنے پر مجبور ہیں لیکن اب بھی کئی دن گزرنے کے باوجود ریسکیو کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں تک نہیں پہنچی ہیں جس عمل کی عکاسی کرتا ہے کہ حکمرانوں اور انتظامیہ کو یہاں کے غریب عوام اور ان کے مسائل سے نکالنے کے لئے کوئی سروکار نہیں ہے اور وہ صرف اپنے اقتدار مراعات کے حصول پر مرکوز ہیں۔
بی این پی صوبے کی سب سے بڑی سیاسی پارلیمانی نمائندہ جماعت کے حثیت سے یہاں کے عوام کے حقو ق کے لئے ہر فورم پر ترجمانی کا حق ادا کرتے ہوئے حکمرانوں کی توجہ یہاں کے عوام کے مسائل کی طرف مبذول کرانے کی کوشش کر رہی ہے ۔
کیونکہ ہمیں یہاں کے عوام کے اجتماعی مفادات کے تحفظ اور مشکل حالات میں انہیں نکالنے اور سہارا دینے کے لئے ہم سیاست کر رہے ہیں اور کسی بھی صورت میں عوام کے بنیادی حقوق پر خاموشی اختیار نہیں کریں گے بی این پی ہر فورم پر انکا ساتھ دے گی اور عوام کو کسی بھی صورت میں مایوس نہیں کرے گی ۔
سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، خورشید جمالدینی
وقتِ اشاعت : March 6 – 2019