کو ئٹہ: ترجمان محکمہ صحت حکو مت بلوچستان نے کہا ہے کہ خاران میں اپوزیشن رکن ثناء بلوچ کی جانب سے ڈائیلاسز یونٹ کا افتتاح انتہائی غلط اقدام ہے۔
اپوزیشن جماعتیں ہماری کارکردگی پر صرف تنقیدی سیسات چھوڑ کرکے تعمیری سیاست اپنائیں،اپنے ایک بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ ڈائیلاسز یونٹس کا قیام وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور موجودہ حکومت کے وژن کا حصہ ہے ۔
ترجمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں حکومتی کارکردگی اور تکمیل پانے والے منصوبوں پر افتتاحی تختی لگانے کا سلسلہ ترک کریں خاران میں ڈائیلاسز یونٹ کا قیام صوبائی حکومت کی بہتر منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے اپوزیشن رکن اسمبلی ثناء بلوچ کی جانب سے منصوبے کا افتتاح افسوسنا ک اور علاقے کے عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے ۔
ا نہو ں نے کہا کہ اس ہی منصوبے کے تحت سب سے پہلے نصیر آباد، چاغی اور لورالائی میں ڈائیلاسز یونٹس قائم کئے گئے اور 70 سے زائد میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا جن میں سرجیکل کیمپ کوہلو اور اب خاران میں 3روزہ سرجیکل کیمپ شامل ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ منصوبے کے تحت بلوچستان کے تمام ڈویڑنل ہیڈ کوارٹرز میں ڈائیلاسز یونٹس کا قیام ، ایم سی ایچ سینٹرز کا قیام ، کنٹریکٹ بنیادوں پر سرجن اورماہرامراض ڈاکٹروں کی تعیناتی، کثیر تعداد میں ادویات کی فراہمی اور سہولیات کی فراہمی شامل ہے ۔
انہو ں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں تعمیری سیاست اپنا کرعوام کی خدمت کریں اورصوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، حکومتی اقدامات پر تختیاں آویزاں کرکے اور افتتاح کرنے سے عوام کی خدمت نہیں ہوسکتی۔
ثناء بلوچ کا ڈائیلاسز یونٹ کا افتتاح غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے، محکمہ صحت
وقتِ اشاعت : April 14 – 2019