|

وقتِ اشاعت :   May 7 – 2014

اسلام آباد: یوکرین کے سفیر ولادی میر لاکوموف نے پاکستان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یوکرین میں روس کی جارحیت کے خلاف اپنا عالمی اثر و رسوخ استعمال کرے۔ پاکستان میں یوکرائن کے سفیر ولادی میر لاکوموف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ روس کی یوکرین میں جارحیت ناصرف یورپ بلکہ پوری دنیا کے لیے چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین پاکستان کو ترقی کے منزلیں طے کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پاور سیکٹر میں یوکرین کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھا سکتا ہے جبکہ ان کا ملک اس وقت یورپ کے متعدد ممالک میں بجلی برآمد کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین میں روس کی جارحیت ناصرف یورپ بلکہ پوری دنیا کے لیے چیلنج ہے، موجودہ حالات میں یوکرین کو پاکستان کی جانب سے مدد کی امید ہے۔ تاہم اس موقع پر انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا ملک پاکستان سے عسکری نہیں بلکہ اخلاقی مدد کی امید کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس کی جارحیت کا جواب دنیا کے تمام ممالک کو دینا ہوگا، روس اس بات کو ہضم نہیں کر پا رہا کہ یوکرین ایک آزاد ریاست ہے۔ یوکرینی سفیر نے کہا کہ کریمیا کے الحاق کے لیے کیے گئے ریفرنڈم میں صرف 32 فیصد عوام نے حصہ لیا۔