|

وقتِ اشاعت :   May 28 – 2019

خضدار : بیکری کی دکان کو لوٹنے کے دوران مذاحمت پر نا معلوم مسلح ڈاکووں کی فائرنگ سے نوجوان تاجر جاں بحق،عوامی حلقوں کی جانب سے خضدار میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہونے پر تشویش کا اظہار۔

،تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب بولان مائننگ انٹر پرائزز کمپنی کے بلمقابل فیروز آباد روڈ پر واقع بیکر ی کی دکان کو نا معلوم مسلح ڈاکووں نے لوٹنے کی کوشش کی اس دوران بیکر ی مالک نے مذاحمت کی جس پر مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے نوجوان تاجر محمد اعظم ولد محمد اسماعیل قوم نوتانی کو زخمی کر کے موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے زخمی تاجر کو مقامی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔

پولیس نے ضروری کاروائی کے بعد مقتول تاجر کی نعش ورثا ء کے حوالہ کر کے نا معلوم ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی دوسری جانب ضلع خضدار کے سیاسی و عوامی حلقوں نے شہر میں چوری،ڈکیتی اور موٹر سائیکلیں چھننے کی وارداتوں میں اضافہ اور اب تاجر کو گولیاں مار کر قتل کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے خضدار شہر کے امن کو برقرار رکھنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔