کوئٹہ : احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منور احمد شاہوانی کے روبرو بلوچستان لوکل گورنمنٹ فنڈز خوردبرد سے متعلق دائر ریفرنس میں تفتیشی آفیسر کا بیان قلمبند کرلیا گیا بلکہ نامزد ملزم فیصل جمال کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی گئی۔
گزشتہ روز لوکل گورنمنٹ فنڈز خوردبرد سے متعلق دائر ریفرنس میں نامزد سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو، سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی، حافظ عبدالباسط عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ فیصل جمال کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
سماعت کے دوران ریفرنس کے تفتیشی آفیسر عمر حیات کا بیان قلمبند کرکے ان پر جرح مکمل کرلی گئی۔ سماعت کے دوران عدالت میں متعلقہ حکام کی جانب سے تفصیلی رپورٹ بھی جمع کی گئی۔ بعد ازاں سماعت کو 30 جولائی تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔