|

وقتِ اشاعت :   September 20 – 2019

خضدار: کینسر مرض سے احتیاطی تدابیر اور علاج کے حوالے سے شعور و آگاہی فراہمی کے عنوان سے ایک سیمینار خضدارپریس کلب میں منعقد ہوا،سیمینار کا اہتمام پاکستان کمیونٹی فاؤنڈیشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔

جس میں ماہر ڈاکٹرز کو خصوصی دعوت دی گئی تھی، سیمینار سے ڈاکٹر عبدالواحد لانگو، ڈاکٹر نذیراحمد عمرانی، ڈاکٹر عبدالواحد بلوچ، سلطان احمد شاہوانی،شاہین براہوئی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کینسر مرض سے قبل ازوقت بچاؤ، مناسب خوراک، اور بروقت تشخیص سے ہی بچاجاسکتا ہے، اس حوالے سے شہری نہ صرف خود آگاہی حاصل کریں بلکہ اپنے معاشرے کو بھی اس سے بچائیں۔

اور عام و نا تجربہ کار افراد کے غلط مشورے، بچوں کی نامناسب چاکلیٹ استعمال کرنے، اور دانہ، زخم و چوٹ، دیگر امراض کو معمولی سمجھنے سے کی غلطی نہ کریں، ایسے ہی معمولی بیماری بعدازاں کینسرمرض کی شکل اختیار کرکے جان لیوا ثابت ہوجاتی ہے، ماہرین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک تو غذاحاصل کرنے کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کیئے جائیں۔

بازار میں کیمیکل سے بننے والے اشیاء سے خود بھی بچیں اور اپنے بچوں کو بھی دور رکھیں، جب دانہ یا معمولی زخم آئے تو ناتجربہ کار حکیم، یا معالجین کارخ نہ کیا جائے، بلکہ ماہر و اسپیشلسٹ ڈاکٹرز سے رجوع کریں، اور اپنے ٹیسٹ کو بروقت یقینی بنائیں، ماہرین نے کہاکہ چونکہ ہمارے علاقے کے لوگ لاشعوری میں بیماری کومعمولی سمجھ کر اینٹی باٹک یا بخار، اور درد کی دوا لیکر پھر اس مرض سے بے فکر ہوجاتے ہیں۔

اور بعد ازاں و ہ زخم جان لیوا مرض کینسر میں تبدیل ہو کر انسانی زندگی کو اُچک لیتا ہے۔ اس لیئے ہمار ے ریجن کے لوگ اس حوالے سے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اور جو پڑھے لکھے طبقات ہیں وہ عام افراد کو اس حوالے سے شعور وآگاہی دیں۔

مقررین نے کہاکہ اس طرح کے پروگرامز وقتاً فوقتاً منعقد کرکے لوگوں ایسے امراض سے باخبر رکھا جائے، یہ ہماری بھی ذمہ داریاں ہیں اور عام افراد خصوصاً ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کا بھی فرض بن جاتا ہے کہ وہ عوام النا س کو آگاہی دیں۔ سیمینار میں سیاسی رہنماء غلام قادر چھٹہ، عبدالحمید غلامانی،و دیگر مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔