حب: مکران کوسٹل ہائی وے بزی ٹاپ کے مقام پر پسنی سے کراچی جانے والی مسافر کوچ الٹ گئی جس کے نتجے میں 9 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 11 مسافر زخمی ہوگئے۔
پاکستان کوسٹ گارڈز ذرائع کا کہنا ہے مسافر کوچ بزی ٹاپ کے مقام پر الٹ گئی پاکستان کوسٹ گارڈ کے جوان فوری موقع پر پہنچ گئے کوچ میں 9 مسافر جاں بحق ہوگئے جبکہ 11 مسافر شدید زخمی ہوگئے زخمیوں کو فوری ریسکیو کرکے ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے زخمیوں میں خواتین بچے بھی شامل ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہیں مقامی افراد کی بڑی تعداد وہاں پہنچی اور امدادی کام میں پاکستان کوسٹ گارڈز اور لیویز کے اہلکاروں کی مدد کی۔
زخمیوں سے متعلق بتایا گیا کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال پہنچایا گیا تاہم زخمی ہونے والوں کی حالت بھی تشویش ناک ہے۔
زخمیوں کی آمد کے باعث مذکورہ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ‘جنید مسافر کوچ’ پسنی سے کراچی جارہی تھی کہ کندملیر کے مقام پر بزی چوک کے قریب خطرناک موڑ پر تیز رفتاری کے باعث گاڑی قابو سے باہر ہوگئی اور حادثے کا باعث بنی۔
واضح رہے کہ رواں برس اگست میں ضلع حب میں ہی کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر مسافر کوچ اور ہائی روف کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
کوئٹہ-کراچی شاہراہ وندر کے قریب ناکہ کھارڑی کے مقام پر مسافر کوچ اور ہائی روف میں تصادم ہوا تھا اور دونوں گاڑیوں میں آگ لگ جانے کی وجہ سے ہائی روف میں سوار افراد جھلس گئے تھے۔
اس سے قبل اپریل میں ضلع مستونگ میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے تھے۔
روڈ سیفٹی کے اعتبار سے بدترین ملک
رواں برس کے آغاز میں حکومتی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر پانچ منٹ کے دوران روڈ حادثے کا شکار ہوکر ایک شخص یا تو زندگی کی بازی ہار جاتا ہے یا پھر وہ شدید زخمی ہوکر معذور بن جاتا ہے۔
وزارت مواصلات کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں روڈ حادثے کے شکار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوجاتے ہیں، جب کہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے بہترین ممالک وہ ہیں جہاں حادثے کے شکار افراد 30 دن کے اندر انتقال کرجاتے ہیں۔
روڈ سیفٹی پروجیکٹ رپورٹ کے مطابق صرف سال 2016 میں ہی پاکستان بھر میں 6 ہزار 548 افراد روڈ حادثے کے وقت جائے وقوع پر ہی چل بسے، حیران کن بات یہ ہے کہ ان اموات میں سے 6 ہزار 3 اموات صوبائی حکومتوں کے ماتحت روڈز جبکہ 355 نیشنل ہائی ویز اور 190 اموات موٹر ویز پر ہوئیں۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق پاکستان میں ہر 10 لاکھ افراد میں سے 14 افراد روڈ حادثات کے باعث جاں بحق ہوجاتے ہیں۔