|

وقتِ اشاعت :   June 28 – 2014

واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کرتے رہیں گے کیونکہ حکومت پاکستان کی ملک میں رٹ کی بحالی سے اندورنی استحکام میں اضافہ ہوگا۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے کہا کہ امریکا حکومت پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون سمیت تعلیم، معاشی بحالی اور توانائی کے بحران کے حل کے لئے کام کررہا ہے اور یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کی رٹ کی بحالی اور اسے برقرار رکھنے کی ہمیشہ حمایت کرتاہے، حکومت پاکستان کی ملک میں رٹ کی بحالی سے اندورنی استحکام میں اضافہ ہوگا۔ میری ہارف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کا فیصلہ پاکستان نے کیا اور آپریشن مکمل طور پر پاکستانی افواج کررہی ہیں، امریکا اس میں شامل نہیں ہے، امریکا شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی بحالی اور مدد کے لئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے رابطے میں ہے اور نقل مکانی کرنے والوں کی ہرممکن مدد کے لئے تیار ہے۔