کوئٹہ : ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی کااجلاس گزشتہ روز پی جی ایم آئی ہال سول سنڈیمن ہسپتال میں منعقد ہوا جس میں پی ایم اے، بی ایم ٹی اے، بلوچ ڈاکٹر فورم، ملگرے ڈاکٹران اور ہیلتھ مینجمنٹ کیڈر کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کا ایجنڈا ڈاکٹرابراہیم مندوخیل پر مبینہ حملے اور لاہور میں پی آئی سی کے ڈاکٹروں پر ایک مخصوص گروہ کا حملہ اور محکمہ صحت کے نااہل انتظامی معاملات زیر غور آئے اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا۔
ہیلتھ کیئر کمیشن پالیسی جو کہ اسمبلی فلور سے بل کی شکل میں پاس ہوئی لیکن نااہل انتظامیہ کی جانب سے اس پر عمل نہ ہونا تمام ڈاکٹرز کے لئے باعث تشویش ہے جس سے آئے دن رونما ہونے والے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے ڈاکٹروں کا کام بری طرح متاثر ہو رہا ہے جو کہ نہ صرف اس شعبے سے وابستہ لوگوں کے ساتھ زیادتی ہے بلکہ اس صوبے کے غریب نادار اور پسماندہ لوگوں کے ساتھ بھی ایک امتیازی سلوک ہے جس کی ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی پرزور الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
آنے والے اڑتالیس گھنٹوں میں اگر ہیلتھ کیئرکمیشن پالیسی کو قابل عمل نہیں بنایا گیا اور انتظامیہ نے باقی معاملات پر اپنا رویہ نہ بدلا تو ڈاکٹر بصورت دیگر انتہائی اقدام لینے پر حق بجانب ہوں گے اس ضمن میں ڈاکٹروں نے اپنے مطالبات کے حق میں تین دن تک او پی ڈی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا جو کہ جمعرات جمعہ اور ہفتہ کو او پی ڈی کا مکمل بائیکاٹ ہوگا اور پیر کو دوبارہ ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے ہوگا۔