|

وقتِ اشاعت :   December 31 – 2019

کوئٹہ : جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما و سینیٹر حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ڈیڑھ سال میں ہی ناکام ہوگئی ہے جو لوگ صوبائی حکومت کو ختم کرنا چاہتے ہیں وہ باپ پارٹی کے بانیوں سے ملیں جنہوں نے راتوں رات ثنا اللہ زہری کی حکومت کا تختہ پلٹا تھا صوبائی حکومت عوام کو بہتر زندگی فراہم کرنے کے بجائے لوگوں سے جینے کا حق چھین رہی ہیں آئے روز آٹے سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گا ہ پر ملنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا حافظ حمداللہ نے کہا کہ صوبائی حکومت باپ پارٹی کی طرح راتوں رات بنا اور اسی طرح راتوں رات خاتمہ ہوگا جو لوگ صوبائی حکومت میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں ان کو چاہئے کہ وہ بجائے ادھر ادھر کے جانے وہ ان لوگوں سے رابطے کریں جنہوں نے باپ پارٹی کا قیام عمل میں لایا تھا اور ثنا اللہ زہری کی حکومت کا خاتمہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے جو دعوے کئے تھے وقت کے ساتھ ساتھ جھوٹے اور کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں پیراشوٹ سے حکومت میں آنیوالوں کا نہ کوئی سیاسی وژن ہوتا ہے اور نہ ہی ان کو عوام سے کوئی سروکار ہوتا ہے وہ اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں صرف کرپشن اور اقربا پروری میں مصروف عمل رہتے ہیں جس کی وجہ سے غریب صوبہ مزید بدحالی اور پسماندگی کی جانب چلا جاتا ہے اقتدار میں آنے سے قبل حکمرانوں نے عوام سے جودعوے اور وعدے کئے تھے سارے جھوٹے اور بے بنیاد ثابت ہورہے ہیں۔

پانچ سال بعد موجودہ حکمران عوام کے پاس کس منہ سے ووٹ مانگنے جائیں گے صوبے بھر میں آئے روز آٹے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ ہوتا جارہا ہے حکومت کی نااہلی اور ناقص پالیسیوں کی بدولت آج صوبے کے غریب عوام آٹے سمیت دیگر اشیائے خوردونوش مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہوتے ہیں۔