|

وقتِ اشاعت :   February 5 – 2020

کوئٹہ :  سابق نگران وزیراعلیٰ علاؤ الدین مری نے کہا ہے کہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی بربریت کا 153 واں دن ہے بلوچستان کے عوام اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ تھے اور ہیں انسانیت کے عالمی علمبرداروں کو بھارتی ہٹ دھرمی کے خلاف آواز بلند کرنی چاہئے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی جانب سے کشمیری بھائیوں کے حق خوداردیت کی آواز کے ساتھ آواز ملانا اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کی اور بھارت کا مکرو چہرہ دنیا کے سامنے لانے کے لئے کشمیری جدوجہد کا بھرپور ساتھ دیا بلوچستان کے غیور بلوچ‘ پشتون اور صوبہ میں بسنے والی تمام اقوام کشمیر پر ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف ہمیشہ سے سراپا احتجاج رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنے مکرو عزائم کے لئے بلوچستان کے چند مفاد پرست ٹولہ کا کھندا ضرور استعمال کیا لیکن یہ اس کا سہارا عارضی تھا اور جلد ہی بلوچستان میں بھارتی سازشیں بے نقاب ہوگئیں جس کے لئے ہم اپنے تمام سیکورٹی اداروں سمیت سیاسی لیڈر شپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی سازشوں کو محسوس کرتے ہوئے اپنے عوام کو خبردار کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی جنگ کامیاب ہو کر رہے گی کیونکہ کشمیر کا بچہ بچہ اپنے شہداء کی قربانیوں کا حساب مانگ رہا ہے اور یہ حساب اب بھارت کو کشمیر کی آزادی کی صورت میں دینا پڑے گا۔