کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ نے لاک ڈاون کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں حکومت کی جانب سے راشن کی غیر منصفانہ تقسیم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب اور مستحق افراد کو بلا رنگ ونسل راشن اورا مداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے عوام کیساتھ کسی بھی نا انصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ کورونا وائرس سے پاکستان سمیت دیگرکے اکثر ممالک متاثر ہوئے ہیں لاک ڈاون کے دوران غریب،مستحق،دیہاڑی داری اور روزانہ اجرت کرنے والے افراد کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑچکے ہیں حکومت کی جانب سے مشکل کی اس گھڑی میں غریب اور مستحق افرادمیں راشن اورامدادی رقم تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا۔
اب کوئٹہ سمیت بلوچستان بھرسے حکومت کی جانب سے پسند اورناپسند کی بنیاد پر راشن اورامدادی رقم کی تقسیم کی شکایات موصول ہورہی ہیں جو غریب عوام کیساتھ ظلم اور نا انصافی کے مترادف ہے حکومت اور ضلعی بلا رنگ و نسل غریب اورمستحق افراد میں راشن اور امدادی رقم کی تقسیم کویقینی بنائے مسلم لیگ(ن) عوام کے ساتھ کسی بھی قسم کی نا انصافی کو برداشت نہیں کریگی۔