ڈٖیرہ اللہ یار: ڈیرہ اللہ یار کے قریب ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں سے موٹرسائیکل چھیننے کی واردات مزاحمت پر ایک اہلکار گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا۔
15مددگار کے ایگل اسکواڈ کے دو اہلکار عباس بہرانی اور عمر فاروق گولہ ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد اوستہ محمد سے موٹرسائیکل پر سوار ہو کر ڈیرہ اللہ یار اپنے گھر آرہے تھے کہ کھوسہ لاڑو کے مقام پر نامعلوم مسلح راہزنوں نے ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں سے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی جس پر اہلکاروں نے مسلح راہزنوں کیساتھ مزاحمت کی نامعلوم مسلح راہزنوں نے پستول سے فائرنگ کرکے ایگل اسکواڈ کے اہلکار عباس بہرانی کو زخمی کردیا اور موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔
زخمی ہونے والے اہلکار کو فوری طور پر سول اسپتال ڈیرہ اللہ یار لایا گیا جہاں طبی امداد کے بعد زخمی کو مزید علاج معالجہ کے لیے لاڑکانہ ریفر کیا گیا پولیس اہلکاروں پر حملے اور کانسٹیبل کے زخمی ہونے کا ایس ایس پی جعفرآباد سید علی آصف شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کر دیئے جسکے بعد ڈی ایس پی سرکل ڈیرہ اللہ یار خاوند بخش کھوسہ نے پولیس نفری کے ہمراہ کھوسہ لاڑو ودیگر دیہاتوں میں آپریشن کرتے ہوئے متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔