|

وقتِ اشاعت :   September 13 – 2014

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دھرنے میں ساؤنڈ سسٹم فراہم کرنے والے آصف بٹ عرف ڈی جے بٹ سمیت پی ٹی آئی کے سیکڑوں کارکنوں کو مقامی عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔ ڈی جے بٹ کا کہنا تھا کہ وہ دوران حراست حوالات میں آرام کرتے رہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ‘میں ایک مہینے کا تھکا ہوا تھا اور ٹھیک طرح سے سو نہیں پایا تھا، اس لیے حوالات میں نیند پوری کرتا رہا، یہی وجہ ہے کہ میں فریش نظر آرہا ہوں’۔ ڈی جے بٹ کا کہنا تھا کہ ‘مجھے مختلف مقامات پر منتقل کیا جا تا رہا، تاہم میں ضمانت کے بعد دوبارہ سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دوں گا’۔
پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں کے ‘میوزک مین’ ڈی جے بٹ کو جمعہ کی صبح چار بجے کے قریب اسلام آباد کے ایک گیسٹ ہاؤس سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ڈی جے بٹ سمیت متعدد افراد اسلام آباد میں نافذ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار ہوئے تھے۔ نمائندہ ڈان نیوز شکیل قرار کے مطابق ہفتے کو پولیس نے صرف چند ملزمان کو ہی عدالت میں پیش کیا ہے جبکہ باقی افراد کی صرف فہرست پیش کی جا رہی ہے۔