کوئٹہ: بلوچ بزرگ قوم پرست رہنماء نواب خیر بخش مری کی آج چھٹی برسی 10 جون 2020کو منائی جائے گی۔ نواب خیر بخش مری کا شمار بلوچستان کے اہم سیاسی شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے تین دہائیوں تک بلوچستان کی سیاست میں اہم کردار ادا کیا، نواب خیربخش مری نے نیشنل عوامی پارٹی کی جانب سے صرف ایک مرتبہ الیکشن میں حصہ لیا اور قومی اسمبلی کی نشست میں کامیاب رہے۔
جس کے بعد انہوں نے پارلیمانی سیاست کو خیر آباد کہہ دیا تھا مگر حق توار سرکل کے نام سے انہوں نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کو جاری رکھا جبکہ ذوالفقار علی بھٹو کے دورحکومت میں وہ کافی عرصہ تک افغانستان میں جلاوطن بھی رہے جلاوطنی کے بعد جب پاکستان آئے تو وہ کسی سیاسی جماعت سے وابستہ نہ رہے۔ نواب خیر بخش مری مارکسسٹ نظریہ کے ماننے والوں میں تھے نواب خیر بخش مری عالمی سیاست پر بھی مہارت رکھتے تھے۔