|

وقتِ اشاعت :   2 hours پہلے

کوئٹہ: بلوچستان کے محکمہ جنگلات و جنگلی حیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور چلتن پہاڑ کے دامن، میان غنڈی پارک اور چلتن نیشنل پارک میں کھلنے والے جنگلی ٹیولپس (مقامی زبان میں گوارخ) کی قدرتی خوبصورتی کے تحفظ میں کردار ادا کریں۔

محکمے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ قدرتی مناظر نہ صرف سیاحت کا ذریعہ ہیں بلکہ ذہنی سکون بھی فراہم کرتے ہیں، اور ان کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ آنے والی نسلیں بھی ان سے لطف اندوز ہو سکیں۔

محکمے کے مطابق حالیہ دنوں میں بڑی تعداد میں شہری اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ ان مقامات کا رخ کر رہے ہیں تاکہ خوشگوار وقت گزار سکیں، تاہم بعض افراد کی جانب سے پھول توڑنے اور پودوں کو نقصان پہنچانے کے واقعات تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔

بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس طرح کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ایک قیمتی قومی اثاثے کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ پارک کے ماحول کو صاف رکھیں، پھولوں، درختوں اور دیگر نباتات کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں اور قدرتی ماحول کا احترام کریں۔

مزید کہا گیا کہ ٹیولپس اور دیگر پودے ماحولیاتی نظام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جو ہوا کو صاف رکھنے، درجہ حرارت کو معتدل کرنے اور مختلف جانداروں کے لیے خوراک و رہائش فراہم کرنے میں مددگار ہوتے ہیں۔ ان کو نقصان پہنچانا نہ صرف علاقے کی خوبصورتی کو متاثر کرتا ہے بلکہ ماحولیاتی توازن کو بھی بگاڑ سکتا ہے۔

محکمہ جنگلات نے خبردار کیا ہے کہ پارک کی قدرتی خوبصورتی کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایک بار پھر عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں، فطرت کا احترام کریں اور قدرتی وسائل کے تحفظ میں مثبت کردار ادا کریں۔

 
 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *