|

وقتِ اشاعت :   2 hours پہلے

کوئٹہ: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں بالخصوص اسکول کے اساتذہ کرام کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ہر مہذب معاشرے میں اساتذہ کو ایک باعزت اور باوقار مقام حاصل ہے۔ ٹیچرز بیک وقت رہنما، رول ماڈل اور ہمارے مستقبل کے معمار ہیں۔

ویسے ہمارے تعلیمی اداروں میں ہم اکثر نصاب کو وقت پر مکمل کرنے، اسباق کی فراہمی اور امتحانات کے انعقاد پر توجہ دیتے ہیں لیکن اس سے بڑھ کر ایک بڑی سماجی ذمہ داری بھی ہے کہ آپ تمام طلباء و طالبات میں مضبوط کردار، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور اچھے انسانوں کا جوہر پیدا کریں۔

دوسرے صوبوں کے مقابلے بلوچستان قلیل مگر بکھری ہوئی آبادی والا صوبہ ہے۔ محل وقوع کے اعتبار سے اس میں بیپناہ صلاحیت ہے پھر بھی اسے منفرد تعلیمی چیلنجوں کا سامنا ہے۔

دوسرے صوبوں کے برعکس ہمارے پاس سخت حکومتی نگرانی اور احتسابی نظام کی کمی ہے اور سیاسی تنظیموں کی سطح پر بھی یہ ایک کمزوری پائی جاتی ہے۔ اسکے علاؤہ صوبے کے دورافتادہ اور پسماندہ دیہی علاقوں میں بہت سے لوگ اساتذہ کی غیرحاضری یا وقت کی پابندی نہ کرنے کے خلاف بات نہیں کرتے اور نہ ہی متعلقہ حکام کو ایسے مسائل کی اطلاع دیتے ہیں۔

ایسے حالات میں ہر ذمہ دار ذی شعور شخص کو اپنے ضمیر کے سامنے خود کو جوابدہ ہونا چاہیے کیونکہ احتساب صرف بیرونی نہیں بلکہ اندر سے بھی ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے ہمارا صوبہ تعلیم اور شرح خواندگی میں باقی سب سے پیچھے ہے۔

ہماری کارکردگی وہ نہیں پے جو کارکردگی ہونی چاہیے۔ واضح رہے کہ یہ مایوسی ہرگز نہیں ہے لیکن عمل کی دعوت ضرور ہے۔

قومی ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض کی ادائیگی سے ہم اپنے صوبے کو ملک کے ترقی یافتہ صوبوں کے برابر لا سکتے ہیں۔

مناسب تعلیم اور تربیت کے ساتھ ساتھ آپ طلباء کو جدید ہنر سیکھنے کا درس دیا کریں۔ گویا انہیں صرف امتحانات پاس کرنے یا تعلیمی ڈگریاں سمیٹنے کیلئے نہیں بلکہ معاشی طور پر بااختیار، ہنر مند اور باضمیر شہری بننے کی ترغیب دیں۔

میرا یقین ہے کہ اگر اساتذہ پہلے دن سے ہی طلبہ کی پڑھائی پر پوری توجہ دیں اور کورس کے دوران ان کی مسلسل رہنمائی کریں تو طلبہ کو امتحانات میں نقل کے ناسور کی ضرورت محسوس نہیں ہوگی۔

آخر میں گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے صوبے بھر کے اسکول ٹیچرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ صرف معلم نہیں ہیں بلکہ آپ تقدیر کے معمار ہیں ہر روز، آپ علم اور انسانیت کے درمیان پل بناتے ہیں اور آپ ایک ترقی یافتہ اور تعلیم یافتہ بلوچستان کی امید ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *