|

وقتِ اشاعت :   2 hours پہلے

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ورلڈ ویٹرنری ڈے کے موقع پر ویٹرنری ماہرین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویٹرنری شعبہ انسانی و حیوانی صحت کے باہمی ربط کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحتِ عامہ کے فروغ اور محفوظ غذائی نظام کے قیام میں ویٹرنری ماہرین کی خدمات نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں اینیمل ہیلتھ کے شعبے کو مضبوط بنا کر ویکسین کی مقامی تیاری کی جانب پیش رفت جاری ہے،

جس سے نہ صرف بیماریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ خود انحصاری کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لائیواسٹاک سیکٹر کی بہتری اور پیداوار میں اضافے کے لیے جدید اصلاحی پالیسیاں متعارف کروائی جا رہی ہیں

انہوں نے موسمیاتی تغیرات کے تناظر میں مویشیوں کی مقامی نسلوں کے تحفظ کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے لائیواسٹاک فارمز کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے جبکہ زرعی پالیسی کے تحت لائیواسٹاک کی ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گوشت اور دودھ کی معیاری پیداوار کے لیے ویٹرنری لیبارٹریز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس جیسے چیلنج سے نمٹنے میں ویٹرنری ماہرین کا کردار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ڈیری سیکٹر میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے حکومتی سطح پر عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات کو گھر کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے موبائل ویٹرنری سروسز کو وسعت دی جا رہی ہے جبکہ زونوٹک بیماریوں کی نگرانی اور بروقت تشخیص کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا گیا ہے

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں مال مویشیوں کی مقامی نسلوں کا جینیاتی تحفظ صوبے کی معیشت اور ثقافت کے لیے نہایت اہم ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انسدادِ ملیریا کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملیریا ایک مہلک مگر قابلِ علاج بیماری ہے، جس کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ حکومت اور عوام کو مل کر اس بیماری کے خلاف مؤثر اقدامات اٹھانا ہوں گے تاکہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ملیریا کی بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کے لیے مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ان سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر اور مؤثر بنائیں تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام بھی اس سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملیریا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اپنے اردگرد صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کھڑے پانی کے خاتمے کو یقینی بنائیں،

کیونکہ یہ بیماری کے پھیلاؤ کا بنیادی سبب بنتا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے ہر شہری کی صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری اور ترجیح ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *