بلوچستان میں چین کے تعاون سے صحت کے شعبے میں ایک بڑے اقدام کے تحت صوبے کے سات اضلاع کے ایک سو طبی مراکز میں ماں اور نومولود بچوں کی صحت کے لیے طبی سہولیات کی بہتری کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ منصوبہ زچہ و بچہ کی نگہداشت کے نظام کو مؤثر بنانے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے منصوبے کے آغاز پر حکومتِ چین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم اس اہم اشتراک پر حکومتِ چین کے مشکور ہیں اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاک چین دوستی اور باہمی تعاون کی ایک شاندار مثال ہے جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے ماں اور بچے کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنایا جائے گا اور صوبے میں زچہ و بچہ کی صحت کو اولین ترجیح بنایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاک چین دوستی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے عوام کو صحت سمیت مختلف شعبوں میں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایسے منصوبوں کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ان سے مستفید ہوں اور صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔
بہرحال ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت بلوچستان میں ماں اور بچوںکی اموات کی شرح سب سے بلند ہے جس کی بڑی وجہ صوبے میں خوراک کی شدید کمی ہے جس کی شرح 52.2 فیصد اور ماؤں میں خون کی کمی کی شرح 47.3 فیصد ہے جبکہ صحت کے مراکز میںمناسب طبی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے بھی اموات ہوتی ہیں جن میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔
بلوچستان میں نیوٹریشن پروگرام کے تحت اس اہم نوعیت کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے ماضی میں اقدامات کئے گئے مگر سب سے اہم طبی مراکز کی فعالیت اور غذائی خوراک کی کمی کو دور کرنا ہے جس میں طبی مراکز کا کردار کلیدی ہے۔
بلوچستان میں چین کے تعاون سے صوبے کے سات اضلاع کے ایک سو طبی مراکز میں ماں اور نومولود بچوں کی صحت کے لیے طبی سہولیات کی بہتری کیلئے اقدامات قابل ستائش ہیں اس سے یقینا اس اہم نوعیت کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
بروقت علاج اور غذائی خوراک کے حوالے سے ماہرین کی مشاورت کار آمد ثابت ہوگی۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے صحت جیسے اہم شعبے میں بہتری لائی جارہی ہے جو قابل تعریف عمل ہے جس سے غریب عوام کو مفت اور بہتر علاج کی سہولیات میسر آئینگی خاص کر ماں اور نومولود بچوں کیلئے طبی مراکز کا قیام ایک انقلابی قدم ہے جس سے مستقبل میں ماں اور نومولود بچوں کی تندرستی میں بہتری آئے گی اور اموات کی شرح پر قابو پایا جاسکے گا۔
بلوچستان میں چین کے تعاون سے ماں اور نومولود بچوں کیلئے طبی مراکز کا قیام، ایک انقلابی قدم!
![]()
وقتِ اشاعت : 2 hours پہلے
Leave a Reply