کوئٹہ:وفاقی حکومت چندماہ کی مہمان ہے،مقتدرہ قوتوں نے شہباز شریف کو لندن سے واپس بلالیاہے جو تبدیلی کا واضح اشارہ ہے، پی ٹی آئی جماعت نہیں بلکہ بنائی گئی ہے چند گروہ آج پارٹی کے اندر اپنے مفادات کیلئے لڑررہے ہیں۔ فواد چوہدری نے مقتدرہ کا پیغام دیا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت خاتمے کی طرف جارہی ہے۔
زرداری موجودہ بحران سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں وہ اہم اسٹیج کے کھلاڑی رہ چکے ہیں۔ بلوچستان حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کیلئے مطلوبہ تعداد موجود ہے،باپ پارٹی کو راتوں رات تشکیل دیتے ہوئے لیڈر بنایاگیاپھر حکومت ان کو سونپی گئی ہے جوسب کے علم میں ہے،جام کمال اور اس کی ٹیم کوخطرناک مقاصد کیلئے لایاگیا
جس میں خاص کر صوبہ کے اختیارات کو چھینناشامل ہے، موجودہ حکومت کا راستہ روکنے کی پوری کوشش کرینگے اور جام کمال خان کو وزارت اعلیٰ سے ہٹائینگے اور ایک نئی عوامی حکومت کو تشکیل دیاجائے گا۔حکومتی جماعت کے بیشتر ارکان ہمارے ساتھ رابطہ میں ہیں
حتمی فیصلہ سرداراخترمینگل کی کوئٹہ آمد پر کیاجائے گا۔وفاق میں نئی بننے والی حکومت جب اپنا ایجنڈا پیش کرے گی تو پارٹی فیصلہ کے بعد ان کے ساتھ اتحادکے حوالے سے بات چیت کے عمل کو آگے بڑھائینگے، بلوچستان کامسئلہ دیرینہ ہے،
نواب اسلم رئیسانی کے دورمیں اتناظلم نہیں ہوا جتنا پہلے ہوا اور اب ہورہا ہے،بلوچستان میں بڑے سانحات ہمارے دور حکومت میں رونما نہیں ہوئے، 18ویں ترمیم پر تمغہ امتیاز احتجاجاََ نہیں لیا اپنا سیاسی احتجاج ریکارڈ کرایا، نواب اسلم رئیسانی واحد وزیراعلیٰ تھے جنہوں نے کھل کر یہاں کی حکومت چلانے والوں کا ذکر کیا۔
ان خیالات کااظہار نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے آزادی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہاکہ وفاقی حکومت سیاسی مشکلات کا نہ صرف سامنا کررہی ہے بلکہ اندرون خانہ اختلافات کے باعث پھنس چکی ہے فواد چوہدری کا حالیہ انٹرویو واضح پیغام ہے کہ وفاقی حکومت چند ماہ کی مہمان ہے۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے دوسال کے دوران ایک بھی اپنا وعدہ پورا نہیں کیا بلکہ مزید بحرانات پیدا کئے اس بحرانی کیفیت کے دوران شہباز شریف کی لندن واپسی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے
کہ پی ٹی آئی حکومت کو زیادہ دیر اب نہیں چلے گی، حاجی لشکری رئیسانی نے آصف علی زرداری کے بیان کے متعلق سوال پر کہنا تھا کہ انہوں نے بلوچستان کے متعلق سچ ہی کہاہے مگر یہ بات پہلے کہہ دینی چاہئے تھی موجودہ سیاسی صورتحال کا فائدہ آصف علی زرداری بھی اٹھاسکتے ہیں
کیونکہ سیاسی حوالے سے وہ بہتر انداز میں کھیل سکتے ہیں۔ نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی جارہی ہے جس کیلئے حکومتی ارکان کی بڑی تعداد رابطہ میں ہے اور بہت جلد اس حوالے سے فیصلہ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں نئی حکومت کی ترجیحات میں ڈیتھ اسکواڈ کا خاتمہ ہے حالیہ سانحہ ڈنک اور تمپ کے واقعہ پر جرگہ ہونا چاہئے اور اس کیلئے ہم کوشش کرینگے۔
جام کمال خان حکومت کو خطرناک مقاصدکیلئے لایاگیاہے،راستہ ہر صورت روکیں گے،حاجی لشکری رئیسانی
وقتِ اشاعت : June 25 – 2020