|

وقتِ اشاعت :   July 15 – 2020

تربت: ایم پی اے احسان شاہ کی آئی جی ایف سی ساؤتھ سے ملاقات۔ایف سی ہیڈ کوارٹر تربت میں پاکستان نیشنل پارٹی کے قائد ایم پی اے احسان شاہ کی آئی جی ایف سی سے ملاقات ہوئی۔ملاقات کے دوران بلوچستا ن اور بالخصوص مکران کی سیاست کے ساتھ ساتھ مکران کے دیگر اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو کے دوران ایم پی اے احسان شاہ نے ایف سی کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف سی کے جوان اور پاک فوج ہمارے محافظ ہیں۔

جن کی قربا نیوں کی وجہ سے ہم سکون کی زندگی گزار رہے ہیں۔ اس دوران آئی جی ایف سی نے کہا کہ مکران کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعلیٰ کا ایک سیکریٹیر یٹ تربت میں بھی ہونا چاہیے، تاکہ یہاں کے سیاست دان اور عوام اپنے مسائل آسانی سے وزیر اعلیٰ تک پہنچا سکیں۔دورانِ گفتگو آئی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ بیرون ملک بیٹھے ملک دشمن عناصر کی چالوں کو ہم اچھی طرح سمجھتے ہیں۔

افسوس کی بات یہ ہے کہ ہمارے نوجوان ان دشمن عناصرکے ہاتھوں اپنا مستقبل تباہ کررہے ہیں۔ بیرون ملک بیٹھے نام نہاد سیاست دان ان نوجوانوں کو اپنے مفادات کی خاطر استعمال کررہے ہیں۔

ملاقات میں موجودہ ملکی سیاست پر بھی پاکستان نیشنل پارٹی کے قائد احسان شاہ نے روشنی ڈالی اور تربت کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ گفتگو کرتے ہوئے احسان شاہ نے آئی جی ایف سی کی سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کے خیالات بلوچستان کی عوام کے لیے اور نوجوانوں کے مستقبل کے لیے بہت عمدہ اور کارآمد ہیں۔