لاڑکانہ آنے کیلئے کسی ویزے کی ضرورت نہیں، شاہ محمود قریشی
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی اسٹیج پر براجمان ہیں—۔ڈان نیوز اسکرین گریب |
عمران خان سندھ دھرتی میں رنگ جمانے کیلئے تیار
ذوالفقار علی بھٹو کے نامکمل مشن کو پورا کرنے کا عزم لے کر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان، پیپلز پارٹی کے سیاسی گڑھ لاڑکانہ پہنچے۔ عمران خان کے طیارے نے جمعے کی دوپہر موئن جو دڑو ایئر پورٹ پر لینڈ کیا. لاڑکانہ شہر میں جگہ جگہ پی ٹی آئی کے کیمپس موجود ہیں، جہاں پارٹی ترانے بجائے جا رہے ہیں، جبکہ لاڑکانہ کے تعلقہ بکرانی میں علی آباد گاؤں میں ایک بڑا پنڈال سجایا گیا ہے۔ پارٹی چیئرمین عمران خان کے ساتھ دیگر رہنما شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین بھی موجود ہیں۔ واضح رہے کہ اندرونِ سندھ بالخصوص لاڑکانہ پاکستان پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے یہاں جلسے کے اعلان کے بعد اس حوالے سے کافی چہ میگوئیاں کی جارہی ہیں کہ آیا دیگر شہروں میں جلسوں کی طرح لاڑکانہ میں بھی عمران خان کا سونامی اپنی طاقت دکھا پاتا ہے یا نہیں۔ جمعے کو لاڑکانہ جلسے کے لیے روانگی سے قبل اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان نے سندھ کے عوام کو مظلوم قرار دیتے ہوئے دعوی کیا کہ وادیٔ مہران والے دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ شدت سے تبدیلی کے خواہشمند ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ ‘سندھ کےعوام میں دوسرے پاکستانیوں سے زیادہ تبدیلی کی خواہش ہے’۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ‘سندھ کی اکثریت مظلوم ہے اور انھیں ان کی بنیادی ضروریات فراہم نہیں کی جارہیں’۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے بنی گالہ سے لاڑکانہ کے لیے روانہ ہوتے ہوئے کہا کہ ‘آج کا جلسہ تاریخی ہوگا’۔
ایک سنچری مکمل ہوگئی اب دوسری سنچری کی تیاری ہے، عمران خان
لاڑکانہ روانگی سے قبل اسلام آباد دھرنے کے سو دن مکمل ہوجانے کا حوالہ دیتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ‘ 100 دن گزرگئے، مزید 100 دن بیٹھنے کے لیے بھی تیار ہوں’۔ ‘ایک سنچری مکمل ہوگئی اب دوسری سنچری کی تیاری کررہا ہوں’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘انتخابات میں دھاندلی میرا یا تحریک انصاف کا نہیں بلکہ پاکستانی عوام کا مسئلہ ہے اور ہم قوم کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے’۔ ‘جو حکومت دھاندلی سے آتی ہے وہ عوام کی فلاح وبہبود پر پیسہ خرچ نہیں کرتی بلکہ ان لوگوں پر خرچ کرتی ہے جو مزید پیسہ بنانے میں مدد دے سکے’۔ انھوں نےعزم کا اظہارکیا کہ ‘ہم کسی کو دھاندلی نہیں کرنے دیں گے’۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کی جانب سے عمران خان کے اثاثہ جات پر اعتراض کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘میراسب کچھ میرے نام پر ہے، میں نے اثاثے چوری سےحاصل نہیں کیے’۔ عمران خان نے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کو بھی دھوکا قرار دیتے ہوئے لزام لگایا کہ حکومت نے عالمی مارکیٹ کے حساب سے نرخ نہیں کم نہیں کیے۔