|

وقتِ اشاعت :   August 19 – 2020

کوئٹہ:حیات بلوچ کے والد نے شناخت پریڈ کے دوران فرنٹیئر کور اہلکار شاہدی اللہ کو بطور ملزم شناخت کرلیاہے۔ایس ایس پی تربت نجیب پندرانی کے مطابق تربت میں فرنٹیئر کور کے اہلکار کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے طالب علم حیات بلوچ کے والد نے ملزمان کی شناخت پریڈ کے دوران شاہدی اللہ کو بطور ملزم شناخت کر لیا ہے۔

ایف سی اہلکار شاہدی اللہ، جن پر الزام ہے کہ انھوں نے فائرنگ کر کے حیات بلوچ کوجاں بحق کیا تھا، پہلے ہی پولیس کی حراست میں ہیں۔ایس ایس پی تربت نجیب پندرانی کے مطابق شناخت پریڈ ڈسڑکٹ جیل تربت میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں منعقد ہوئی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ قانون کے مطابق ملزم شاہدی اللہ کے ساتھ دیگر افراد (قیدیوں)کو لائن میں شناخت پریڈ کی غرض سے کھڑا کیا گیا

جس کے بعد حیات بلوچ کے والد کو کہا گیا کہ وہ ان افراد میں سے ملزم کی شناخت کریں۔پولیس کے مطابق حیات بلوچ کے والد مزار نے لائن میں کھڑے تمام افراد میں سے ایف سی اہلکار شاہدی اللہ کو تینوں بار درست شناخت کیا۔ نجیب پندرانی کا کہنا تھا کہ ملزم کی شناخت کے ساتھ ہی حیات بلوچ قتل کیس کی تفتیش کا انتہائی اہم مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔یاد رہے کہ حیات بلوچ کو مبینہ طور پر 13 اگست کو تربت میں ہونے والے ایک بم دھماکے کے بعد ایف سی اہلکاروں نے فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا۔