|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2020

دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑی لیونل میسی نے اپنے فٹبال کلب بارسلونا کو 16 سال بعد چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

لیونل میسی نے اپنے کیریئر کے واحد فٹ بال کلب بارسلونا سے تبادلے کی درخواست بھیج دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ نامور فٹبالر لیونل میسی نے ہسپانوی کلب بارسلونا کو چھوڑنے کے فیصلے سے متعلق آگاہ کر دیا۔

انہوں نے انتظامیہ کو فیکس بھیجا جس میں اپنے معاہدے میں شامل شق کا حوالہ دیتے ہوئے کلب سے فوری رخصت کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ بارسلونا کے ساتھ لیونل میسی کا اگلے سال تک کا معاہدہ ہے اور اس میں ایک اور شق کے مطابق اگر کوئی اور کلب میسی کو خریدنا چاہتا ہے تو اس کے لیے انہیں 70 کروڑ یوروز ادا کرنے ہوں گے۔

نامور فٹبالر کی جانب سے کلب چھوڑنے کی خبر کے بعد بارسلونا کے حامیوں کی بڑی تعداد ان کے اسٹیڈیم نو کیمپ کے باہر جمع ہوئی اور انہوں نے انتظامیہ اور بورڈ کے خلاف مظاہرے کیے۔

یہ خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ اگر بارسلونا کے صدر جوزپ ماریا بارٹومیو اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں تو ممکن ہے کہ لیونل میسی کلب کو چھوڑنے کا اپنا فیصلہ واپس لے لیں تاہم یہ گمان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فٹ بالر کلب کو چھوڑنے کا حتمی فیصلہ کر چکے ہیں۔

میسی کی فیکس سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں یہ خبر آگ کی طرح پھیل چکی ہے اور لوگ طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں، اسی دوران یہ چہ مگوئیاں بھی ہو رہی ہیں کہ لیونل میسی آئندہ کون سے کلب کا انتخاب کریں گے۔

اس ضمن میں بلیچر رپورٹ کی ایک خبر ہے جس کے مطابق لیونل میسی نے بطور کلب مانسچٹر سٹی کا انتخاب کیا ہے۔

ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے لیونل میسی نے 2004 میں بارسلونا میں شمولیت اختیار کی تھی، یہ ان کے کیریئر کا واحد کلب تھا جس سے وہ مسلسل 16 سال تک منسلک رہے۔

لیونل میسی بارسلونا کلب کے ساتھ 4 مرتبہ چیمپئینز لیگ ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں یہی نہیں بلکہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی میسی کو اسی کلب میں شمولیت کے دوران ملا۔