کوہلو: ایس پی کوہلو کیپٹن (ر) نوید عالم نے گزشتہ روز بوہڑی پٹرولیم سروس کے قریب ضلع میں داخلی اور خارجی گاڑیوں کی چیکنگ و ضلع میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس چوکی کا افتتاح کیا ہے اس موقع پر ایس ایچ او سٹی میر حق نواز حسنی،لائن آفیسر ہزار خان،سی آئی انچارج عبدالمجید و پولیس کے دیگر افیسران واہلکاران موجود تھے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس پی کیپٹن (ر)نوید عالم نے کہا کہ ضلع میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات کررہے ہیں۔
اس پولیس چوکی کا مقصد عوام کی جان مال کو مزید محفوظ بنانا ہے شہریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح میں شامل ہے پولیس فورس نے قلیل مدت میں شہر میں امن وامان کو خراب کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرکے ضلع میں امن کو یقینی بنایا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں نئے پولیس اسٹیشن کا قیام جلد ممکن بنا رہے ہیں ایس پی نے نئے چوکی میں تعینات جوانوں کے سہولیات کیلئے فوری طور پر لائن آفیسر کو احکامات دئیے ہیں اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ بہتر اور خوشگوار تعلق قائم کریں۔