|

وقتِ اشاعت :   September 9 – 2020

کوئٹہ:وفاقی محکموں میں ضلع موسی خیل کے جعلی ڈومیسائل/لوکل پر135 غیر مقامی افراد کی بھرتی کا انکشاف ہواہے۔باوثوق ذرائع کے مطابق گورنربلوچستان سیکرٹریٹ کی جانب سے بلوچستان کے ضلع موسی خیل میں وفاقی محکموں میں مختلف پوسٹوں پر تعینات 249ملازمین کی لسٹ ضلعی انتظامیہ کوبھیجی گئی تھی تصدیقی عمل مکمل ہونے کے بعد 249 میں 109افراد کی لوکل/ڈومیسائل کی تصدیق ہوگئی
جبکہ 135افراد جو وفاقی محکموں کے مختلف پوسٹوں پر تعینات ہے کونوٹسز جاری کرنے کے باوجود جواب نہ مل سکاجس پر 135افراد کے ڈومیسائل کو غیر تصدیق شدہ قرار دیکر لسٹ گورنر سیکرٹریٹ اور کمشنر ژوب ڈویژن کو ارسال کردی گئی،مذکورہ 135افراد ضلع موسی خیل سے وفاقی محکموں کے مختلف پوسٹوں پر براجمان ہے۔
حال ہی میں بلوچستان کے جعلی ڈومیسائل پر وفاقی محکموں میں سینکڑوں لوگوں کے بھرتی ہونے پر ڈپٹی کمشنر ضلع مستونگ نے 400جبکہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے 122جعلی ڈومیسائل منسوخ کر دیئے تھے۔یاد رہے کہ وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے تمام اضلاع میں جاری شدہ ڈومیسائلز کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ان کی جانچ پڑتال کرنے کی ہدایات جاری کر دی تھی۔
واضح رہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس جناب جسٹس عبدالحمید بلوچ پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی تھی کہ وہ ایک ماہ کے دوران تمام لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کی جانچ پڑتال کرے
جبکہ تمام ڈویژنز کے کمشنرز اس عمل کی نگرانی کرے اور ایک ماہ بعد ڈویژنز کے کمشنرز عدالت میں پیش ہو کر رپورٹ جمع کرے اور بتائیں کہ کتنے لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جعلی اور کتنے درست پائے گئے ہیں بلکہ جن لوگوں کے لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جعلی ہیں انہیں ان کے ایڈریسز پر نوٹسز جاری کرکے طلب کیا جائے اور جعلی لوکل و ڈومیسائل سرٹیفکیٹس منسوخ کئے جائیں۔